Faqeer e Muhabat by Nida e Eman Episode 8

- Writer
- Nida e Eman
- Genre
- Romantic
- Language
- Urdu
About this novel
Faqeer e Muhabat (Urdu: فقیر محبت) Episode 8 by Nida e Eman brings Dilawar Khan to Lahore to comfort Rabail and Sawabia, with a proposal of his own. In Balochistan, Baran finally tells Ali Yar the truth about the night his mother died, and Nayab’s past with Dilawar comes to light.
Jahanzeb opens the phone records and learns who really sent Rabail those messages. As Rabail leaves for Turkey, Hussain Sahib makes one last move against her, and both Baran and Jahanzeb race to the airport.
ناول: فقیر محبت
ازقلم: ندائے ایمان
میری ماں کے نام
آٹھویں قسط
“ثوابیہ بیٹے مگر یہ سب کیسے ہوا مجھے کچھ بتاؤ تو “
دلاور خان حسن صاحب کی وفات کی خبر سن کر لاہور پہنچے تھے اور اس وقت حسن صاحب کے گھر پر ہی موجود تھے
“پتہ نہیں انکل کیا ہوا بس اب اتنا پتہ ہے کہ بابا ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں”
ثوابیہ کی آواز بھر آئی
“صبر کرو بچے صبر کرو میں ہوں تمہارے ساتھ”
دلاور آنکھوں میں پانی لیئے ثوابیہ کے سر پر ہاتھ رکھ کر اسے تسلی دے رہے تھے کیا ہوا جو حسن صاحب نہیں رہے مگر وہ تو تھے دونوں بچیوں کے سر پر ہاتھ رکھنے والے
“مجھے تو آج فجر کے وقت حسین نے بتایا اور میں بنا دیر کیئے لاہور کے لیئے نکل آیا۔۔۔۔۔ مجھے معاف کر دو میں وقت پر نہیں پہنچ سکا”
اسی پل رابیل دروازے سے داخل ہوئی
“السلام علیکم انکل”
اسکے آنے پر دلاور کھڑے ہوئے تھے اور اسکے سر پر بھی شفقت بھرا ہاتھ رکھا تھا
“وعلیکم السلام بیٹے”
رابیل ساتھ ہی رکھی کرسی پر ٹک گئی تو وہ بھی بیٹھ گئے
“تم دونوں فکر مت کرنا تمہارا چچا ہے تمہارے ساتھ میں تمہارے باپ کی کمی کو تو پورا نہیں کر سکتا مگر میں پوری کوشش کرونگا کہ میں تم دونوں کے چچا ہونے کی زمیداری کو پورا کر سکوں”
دلاور خان کا انداز بہت محبت سے شفقت سے بھرا ہوا تھا
ثوابیہ اور رابیل کی آنکھیں انکے انداز پر بھر آئیں تھیں یہ کام تو حسین صاحب کو کرنا تھا مگر وہ تو دو دنوں کے بعد آئے ہی نہیں تھے ہاں تائی جان اور دانین یہیں تھیں اب تک اج ہی تائی جان کچھ دیر کے لیئے گھر گئی تھیں اور دانین بھی کل آنے کا وعدہ کر کے گئی تھی مگر تایا جان نے تو ثوابیہ کے علاؤہ رابیل کو مخاطب کرنے تک کی زحمت نہیں کی تھی
آہ ایسا کیوں ہوتا ہے کہ جس وقت جس کی سب سے زیادہ ضرورت ہو وہ اسی وقت آپکو میسر نہیں ہوتا
“اب آگے کیا سوچا ہے تم دونوں نے مطلب واپس پچھلے گھر جاؤ گے یا یہیں رہو گے”
کچھ دیر بعد دلاور کی آواز کمرے میں گونجی
نہیں اب دوبارہ نہیں اب دوبارہ وہ کسی کو وضاحت نہیں دے گی کہ وہ واپس نہیں جائے گی
“میں چائے لے کر آتی ہوں”
رابیل وہاں سے اٹھی اور کمرے سے باہر نکل آئی
“انکل رابیل وہاں نہیں جانا چاہتی وہ کہتی ہے کہ وہ اس گھر سے بابا کے ساتھ آئی تھی اب بابا کے بغیر وہ وہاں نہیں جائے گی میں نے اور احمد نے یہی سوچا ہے کہ اسے اپنے ساتھ ترکی لے جائیں”
ثوابیہ نے انہیں سوالیہ نظروں سے دیکھا
کیا واقع یہ صحیح ہے کہ وہ اسے ترکی لے جائے
“بیٹا مجھے آپسے ایک بات کرنی ہے” ۔
وہ رکے
“جی جی انکل کریں”
“بیٹا مجھے پتہ ہے یہ موقع تو نہیں یہ بات کرنے کا پر ۔۔۔۔۔۔۔ شاید تمہیں حسن نے بتایا ہو میں نے اس سے رابیل کا رشتہ اپنے بیٹے باران کے لیئے مانگا تھا حسین کی بیٹی کی شادی پر۔ مجھے پہلی نظر میں ہی رابیل اپنے بیٹے کے لیئے اچھی لگی تھی حسن نے کہا تھا وہ رابیل اور تم سے بات کر کے جواب دے گا مگر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔”
انہوں نے اپنی بات کو ادھورا چھوڑ دیا
” یقیناً ایسا ہی ہوگا مگر بابا نے ہم سے ایسی کوئی بات نہیں کی انہیں موقع ہی نہیں ملا”
اس بار ثوابیہ باقائدہ رونے لگ گئی تھی
” لیکن مجھے پورا یقین ہے انکل کے بابا اس بات سے بہت خوش ہونگے اور وہ یقیناً اس رشتے کے لیئے ہاں ہی کرتے اور انکل مجھے یقین ہے باران بھی آپکی طرح ہی بہت اچھا ہو گا میں نے اسے شادی پر دیکھا تھا بلکل آپکے جیسا لگتا ہے وہ “
دلاور مسکرائے
“مگر وہ کہتا ہے کہ وہ میرے جیسا نہیں ہے “
“بلکل بھی نہیں یہ تو کوئی بھی بتا سکتا ہے کہ باران بلکل اپنے باپ جیسا ہے ۔۔۔۔۔۔ میں رابیل سے بات کر کے آپکو بتاؤں گی اور مجھے یقین ہے وہ مان جائے “
اس سارے عرصے میں ثوابیہ پہلی بار مسکرائی تھی
دلاور خان نے نفی میں سر ہلایا کہ باران کا کچھ نہیں ہو سکتا
“انکل ابھی میں سوچ رہی ہوں کہ پہلے ہم اسے ترکی لے جائیں ۔۔۔۔۔۔۔۔وہ کچھ سنبھل جائے تو میں اس سے بات کروں گی “
“ٹھیک ہے بیٹھا یہی مناسب ہے “
دلاور کو بھی یہی صحیح لگا
“ارے تمہارا شوہر کہاں ہے ملواؤ گی نہیں اس سے “
دلاور کچھ یاد آنے پر بولے
“انکل وہ بازار تک گئے ہیں آتے ہی ہونگے “
تب رابیل چائے کی ٹرے ہاتھ میں پکڑے اندر آتی ہوئی نظر آئی اسکے پیچھے احمد بھی تھا
اور وہ دونوں ایک ساتھ ہی اندر داخل ہوئے
ٹرے میں چائے کے علاؤہ بھی کچھ کھانے کی چیزیں تھیں جو ابھی ابھی احمد لایا تھا شاید
دلاور خان احمد سے ملے انہیں احمد اچھا لگا بہت خوش شکل اور خوش مزاج سا وہ کس کو اچھا نہیں لگتا
پھر وہ سب باتیں کرتے رہے بہت دیر تک
دلاور نے رابیل کو اپنے ساتھ بٹھا لیا تھا اور وہ وہیں انکے پاس بیٹھی انکے چھوٹے چھوٹے سوالات کا چھوٹا چھوٹا ہی جواب دے رہی تھی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
” باران مجھے کم سے کم اپنے ارادوں کا تو بتاتا یار یہ تو نے کیا کیا ہے جرگے میں “
علی یار باران کے سر پر کھڑا اس سے پوچھ رہا تھا جبکہ وہ آرام سے بیڈ پر آنکھیں موندے لیٹا ہوا تھا
“اگر مجھے پہلے پتہ ہوتا کہ تو یوں گیم پلٹے گا تو میں وہاں نہ جاتا ضرورت ہی نہیں۔۔۔۔۔۔۔”
وہ رکا وہ یہ کیا بول گیا اسنے زبان دانتوں تلے دبائی
باران نے آنکھیں کھولیں
” کہاں نا جاتا ؟ “
باران کا سوال مختصر تھا
“ک۔ک۔۔۔۔۔۔کہیں نہیں وہ تو بس ایسے ہی نکل گیا منہ سے تو اب بات مت بدل”
وہ اوپر سے آنے کی کوشش کر رہا تھا مگر کیا وہ جانتا نہیں تھا کہ باران اسکا باپ ہے
باران نے اٹھنے کی کوشش کی تو علی یار نے اسکی مدد کی اور اسکے پیچھے ایک تکیہ رکھ کر اسے آرام دہ سا بٹھا دیا گولی لگنے کی وجہ سے وہ اپنے بازو کو نہیں ہلا سکتا تھا
“میں تیرے لیئے کچھ کھانے کو لے آتا ہوں ہمم”
علی یار جلدی جلدی اس کمرے سے نکلنا چاہتا تھا
“رک جا وہیں ۔”
باران کی آواز پر علی یار کے باہر کی طرف بڑھتے قدم تھمے
“ادھر آ اور کسی رٹے رٹائے طوطے کی طرح مجھے سب بتا تو کیا کر کے آیا ہے”
باران نے اسے مشکوک نظروں سے دیکھا
“یار میں نے کیا کر لینا ہے میں تو بس ویسے ہی گیا تھا بسسس ویسے ہی گیا تھا”
“علی یار بات کو مت گھما اور مجھے بتا ورنہ میں تمہیں شوٹ کر دونگا”
اس بار باران کو تپ چڑ گئی تھی
“پہلے وعدہ کر تو مجھے کچھ نہیں کہے گا ناراض نہیں ہوگا “
علی یار نے شہادت کی انگلی وارنگ کے انداز میں اسکی طرف اٹھاتے ہوئے کہا
” بتاتا ہے یا نہیں !”
باران نے بیڈ پر رکھا کشن زور سے علی یار کو مارنے کے لئے اسکی طرف پھینکا جو وہ پروفیشنل انداز میں کیچ کر گیا اور کشن سے جھانک کر اسنے بھنویں آچکا کر شاید باران سے یہ پوچھنا چاہا کہ کیسا کیچ کیا ہے میں نے
باران نے ایک اور کشن اسکی طرف پھینکا جو علی یار کیچ نہیں کر سکا اور وہ اسکے سر پر لگا
اس بارا باران نے بھنویں آچکا کر پوچھا کہ کیسا مارا میں نے ۔۔۔۔۔۔۔
“کہاں گیا تھا تو ؟”
باران اب کچھ سیریس ہوا
“میں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سردار غلام حسین کے۔۔۔۔۔پا۔۔۔۔۔۔۔۔۔سسسسسسسس”
یہ کہنا ہی تھا کہ باران نے بیڈ پر رکھے سارے کشن ایک ایک کر کے علی یار کو مارنا شروع کر دیئے
وہ کبھی دائیں جاتا تو کبھی بائیں مگر باران کا ایک بھی نشانہ خطا نہیں ہوا اسی نشانے کے دم پر ہی تو وہ جان داؤ پر لگائے بیٹھا تھا( ہائے ہمارا پاگل ہیرو رابیل ہی آ کر سیٹ کرے گی اسے)
“پر میں کیا کرتا تو جو کر رہا تھا کیا وہ ٹھیک تھا ۔۔۔۔۔ تو مت بھول میں بھی ایک بلوچ ہوں اور تیرے اس فیصلے کے بعد بلوچستان کے قبائل پر کیا اثر پڑتا کیا تو اندازہ بھی کر سکتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تیرا بدلہ تو پورا ہوجاتا اور نتائج بھگتتی عوام کیا یہ صحیح تھا میں اس لیئے ان کے پاس گیا تھا کہ وہی تھے جو نایاب کو روک سکتے تھے “۔
علی یار ایک ہی سانس میں سب بول گیا
“کیا میں غلط کہہ رہا ہوں “
باران کو خاموش پا کر وہ ایک بار پھر بولا
” نہیں”
خودبخود باران کے منہ سے یہ لفظ نکل گیا شاید اسکا دل ان سب باتوں کو مانتا تھا
“وہی تو میں کہہ رہا ہوں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔پر تو مجھے بتا یہ خزاں ایک دم بہار کیسے ہو گئی تیرا فیصلہ کیسے بدل گیا ؟
ایک لمحے کو کوئی لہرا گیا باران کی سوچ میں
” بعض اوقات محرومیاں جب غصے کا روپ دھار لیتی ہیں تو عقل پر پردے پڑ جاتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔ میں نے ہمیشہ اپنی ماں کی موت کا قصور وار بابا کو ٹھہرایا مراد خان کو ٹھہرایا زلیخا خانم ( مراد خان کی بیوی ) کو ٹھہرایا ۔ انہوں نے میری ماں کو جس طرح اس حویلی سے نکالا صرف انکے مذہب کی وجہ سے۔ میری ماں کو انکا حق نہیں دیا گیا خان حویلی کی بہو ہوتے ہوئے انہیں کبھی اسکا درجہ نہیں ملا اور پھر لاہور میں وہ اکیلی رہیں بابا کئی کئی مہینے ڈیرے کی مصروفیات کی وجہ سے نہیں آتے تھے
اور پھر یہی اکیلا پن انکی جان لے گیا ۔”
باران کہیں ماضی میں سب ہوتا ہوا دیکھ رہا تھا
“اس رات بابا آئے تھے ہم سے ملنے اور پھر انہیں مراد خان کی کال آئی انہوں نے کہا کہ زلیخا خانم کی طبیعت اچانک بہت خراب ہو گئی ہے اور وہ صرف اپنے بیٹے کو دیکھنا چاہتی ہیں۔ سب جھوٹ تھا مراد خان اور زلیخا جانتے تھے کہ موم کا لاسث منتھ چل رہا ہے پریگننسی کا ڈیڈ بھی اسی لیئے آئے تھے کہ وہ اب موم کے ساتھ رہتے اب انہیں انکی ضرورت تھی ۔ مراد خان کی ایک کال پر ڈیڈ نے واپس جانے کا فیصلہ کیا اور جلدی واپس آنے کا کہتے گھر سے نکل گئے ۔ ابھی کچھ ہی دیر ہوئی تھی موم کی طبیعت خراب ہونے لگی موم نے مجھے کہا کہ میں ڈیڈ کو کال کروں ابھی شاید وہ لاہور میں ہی تھے وہ آ سکتے تھے میں نے بار بار انہیں کالز کیں مگر انہوں نے میری کال ریسیو نہیں کی ۔اب وہ کہتے ہیں کہ سگنل ایشو کی وجہ سے انہیں کالز رسیو ہی نہیں ہوئیں تھیں ۔ اور پھر ایک گھنٹے بعد انہیں ایک ساتھ ستر کالز کے نوٹیفکیشن آئے تو وہ سب چھوڑ کر واپس آئے تھے مگر تب جب میں اپنی ماں کے مردہ وجود کے ساتھ بیچ سڑک پر بیٹھا رو رہا تھا “
“تب انکے آنے کا کیا فائدہ ہوا علی ۔۔۔۔۔۔۔ میری ماں تو مر گئ تھی “
علی یار خاموش رہا
“تب سے میرے دل میں مراد خان انکی بیوی اور ڈیڈ کے لیئے نفرت پیدا ہو گئی وہ لوگ کبھی نہیں سمجھ سکتے کے کتنی ہی راتیں میں نے اپنی ماں کی یاد میں تڑپتے ہوئے گزاری ہیں ۔۔۔۔۔ علی مائیں تو سب کی مرتی ہیں یہ تو قدرت کا اصول ہے مگر محرومیوں اور تنہایوں کے گرداب میں پھنسی ہوئی تکلیف دہ موت نے میری روح میں اپنے نقش چھوڑ دیئے ہیں میں انہیں چاہ کر بھی نہیں مٹا سکتا ۔ میں بدلے کی آگ میں جلتا ہوا بڑا ہوا ہوں علی اور اس بدلے کی آگ نے مجھے اندھا کردیا میں بہت آگے نکل گیا علی ممکن تھا کہ میں ہر شے کو تہس نہس کر دیتا مگر پھر ایک رات نے میری آنکھوں سے بہت حد تک وہ پٹی ہٹا دی میں اندھا نہیں رہا پھر ۔ میں بدلہ تو اب بھی لونگا مگر میرا بدلہ لینے کا طریقہ اب وہ نہیں رہے گا علی ۔ میں نفرت اب بھی کرتا ہو مراد خان سے انکی بیوی سے اور۔۔۔۔ اور ڈیڈ سے اس پورے علاقے سے مگر اب میرا طریقہ بدل جائے گا میں سزا دونگا مگروہ سزا کسی کی جان نہیں لے گی علی۔۔۔۔۔۔ کسی کی جان نہیں لے لیگی”
علی یار چپ چاپ اسے سن رہا تھا
یہ پہلی بار تھا کہ باران یوں اپنے دل کا حال بیان کر رہا تھا آنکھوں میں نمی لیے یہ وہ باران نہیں تھا جسے علی جانتا تھا ۔۔۔
“علی کیونکہ مجھے سمجھ آ چکا ہے کہ بدلہ صرف بدلہ نہیں ہوتا نا ختم ہونے والے بدلوں کے سلسلے کی کڑی ہوتا ہے “
اسنے علی یار کو دیکھا
وہ اسکے پاس چلا آیا
“مجھے یقین ہے تو جو کرے گا صحیح کرے گا “
علی یار نے اسکے کندھے پر ہاتھ رکھا
“ورنہ میں تو ہوں ہی یہاں سب ٹھیک کرنے کے لیئے “
اسنے یہ کہا اور دروازے کی طرف بھاگ کھڑا ہوا
اسکی بات سن کر باران نے اسے مارنے کے لیئے کچھ ڈھونڈنا چاہا مگر افسوس وہ سارے کشن اسے پہلے ہی مار چکا تھا اسلیے اب کی بار علی یار بچ گیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نایاب اپنے ڈیرے میں چارپائی پر چت لیٹے کچھ سوچ رہا تھا پھر اسکی آنکھوں میں آنسو چپکنے لگے اور ایک آنسو آنکھ سے لڑکھڑا کر اسکے بالوں میں جذب ہو گیا
ایک رات قبل
“نایاب میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ تم میرے بیٹے کو مارنے کی کوشش کرو گے ۔ تم وہ معصوم نایاب نہیں رہے جسے تمہارے باپ نے میرے حوالے کیا تھا جو مجھے لالا لالا کہتا نہیں تھکتا تھا وہ معصوم اتنا بھیانک ہو جائے گا میں نے نہیں سوچا تھا “
جرگے کے بعد دلاور خان نے خود کو روکنے کی بہت کوشش کی کہ وہ نایاب سے نا ملیں مگر وہ دل کے ہاتھوں مجبور ہو کر چلے آئے تھے نایاب کے ڈیرے
“لالا آج کل یہی ہو رہا ہے زمانہ ہی خراب ہے جس شخص سے آپ کسی کام کی امید نہیں رکھتے وہ وہی کرتا ہے اور آپکو غلط ثابت کر دیتا ہے “
اس نے ایک جملے میں بہت کچھ جتایا تھا
“اور پھر لالا میں تو ہمیشہ سے ہی آپ کے نقشِ قدم پر چلا ہوں تو اب پیچھے کیسے رہتا “
“میں نے تمہیں بھائی نہیں اپنا بیٹا سمجھا تھا “
دلاور خان ضبط کیے کھڑے تھے
“اور پھر اسی بیٹے کو اتنا دکھ دے کر چلے گئے ۔لالا اپنے اور پرائے میں فرق ہوتا ہے باران کو تو یہاں لانے کے لیئے آپ نے کیا کچھ نہیں کیا اور مجھے اکیلے چھوڑ کر چلے گئے”
نایاب کی آواز اس بار قدرے بلند تھی
“نایاب میں تمہیں چھوڑ کر نہیں جانا چاہتا تھا ۔۔۔۔۔۔۔۔ میں مجبور تھا”
“کیسی مجبوری لالا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اب آپ کہیں گے کہ محبت میری مجبوری تھی تو آپ سن لیں میں بھی جو کر رہا ہوں اس کے پیچھے بھی میری میری بہن کے لیئے محبت ہے ۔ ساری زندگی وہ آپ کے نام پر بیٹھی رہی اس کی کیا وضاحت دیں گے آپ “
دلاور خان کی آنکھوں میں آنسوں چمکنے لگے
ماضی
دلاور خان اس وقت پچس سال کے تھے جب ایک دن سردار کرم بلوچ اپنے چھے سالہ بیٹے نایاب بلوچ کا ہاتھ تھامے اسے مراد خان کے ڈیرے لائے تھے یہ ان دنوں کی بات ہے جب مراد خان اور کرم بلوچ کی دوستی نے رشتہ داری میں بدلنے کا فیصلہ کیا تھا اور کرم بلوچ کی اٹھارہ سالہ بیٹی بختاور کی نسبت دلاور خان سے کر دی گئی تھی ایک دن جب دلاور لاہور میں کالج سے چھٹیوں کے بعد گھر آئے تو مراد خان نے حکم سنا دیا کہ انکی شادی بختاور سے ہوگی اس وقت دلاور خان نے تھوڑی مذمت کی مگر سب بے سود اور پھر بختاور پر دلاور خان کے نام کی مہر لگا دی گئی
“مراد یہ میرا بیٹا میں آج تمہارے حوالے کرتا ہوں بیٹی تو دے چکا ہوں یہ بیٹا بھی تمہارا ۔ میں چاہتا ہوں کہ میرا بیٹا تمہارے اور دلاور کے ساتھ رہ کر سرداری کرنا سیکھے اور ایک بہترین سردار بنے “
سردار کرم بلوچ نے نایاب کا ہاتھ دلاور کے ہاتھ میں پکڑا دیا اور دلاور خان نے بھی اسے خوشی خوشی قبول کر لیا تھا مراد خان بھی اس فیصلے سے خوش تھے
پھر کیا نایاب کا اٹھنا بیٹھنا سونا جاگنا سب دلاور کے ساتھ ہو گیا یہاں تک کہ وہ دلاور کے ہاتھ سے ہی کھانا کھاتا تھا اور جب تک دلاور نا آتے چاہے بھوک سے جان نکل جاتی مگر نایاب کھانا نا کھاتا
دلاور کا بھی اس کے ساتھ دل لگ گیا تھا وہ جس کی زبان پر ہر وقت صرف لالا لالا کی رٹ ہوتی تھی۔ اور پھر بچوں کا دل تو بلکل صاف ہوتا ہے نا نایاب کو اپنے لالا سے محبت ہو گئی اور اسکے لالا کو اس سے۔ ایک بار تو ڈیرے میں کسی کو سزا کے طور پر قتل کرنے کا فیصلہ ہوا اور اسے سب کے سامنے قتل کیا گیا نایاب بھی دلاور کے ساتھ ڈیرے میں موجود تھا قتل ہوتا دیکھ وہ بہت ڈر گیا تھا حویلی واپس آ کر وہ بہت رویا اس رات دلاور اسے سارے رات اپنے سینے پر لٹا کر سوتے رہے تاکہ وہ ڈرے نہیں
اسی عرصے میں چار سال گزر گئے نایاب دس سال کا ہو گیا تھا تب دونوں گھروں میں دلاور اور بختاور کی شادی کی باتیں ہونے لگیں اور تاریخ طے کر دی گئی شادی سے چند دن پہلے مراد خان اور دلاور کے درمیان بہت سخت کلامی ہوئی دلاور کب سے انکو سمجھا رہے تھے کہ وہ کسی اور کو پسند کرتے ہیں لاہور میں اور وہ اس سے ہی شادی کریں گے مگر مراد خان انکی ایک نہیں سن رہے تھے
“ٹھیک ہے بابا تو میں یہ حویلی چھوڑ کر جا رہا ہوں”
دلاور خان نے باہر کی طرف قدم بڑھائے تو انکی نظر اس پر پڑی دیوار کی اوٹ میں چھپا وہ دس سالہ بچہ سہما ہوا کھڑا تھا
انہوں نے اسے ایک نظر دیکھا اور آگے بڑھ گئے
مراد خان نے انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی شاید انہیں لگا کہ زمانے کی ٹھوکریں کھا کر وہ واپس آ جائیں گے مگر وہ نہیں آئے انہوں نے مریم سے شادی کر لی اور شادی کے چند دن بعد وہ اسے خان حویلی لائے
خان حویلی میں کیا پورے قبیلے میں طوفان برپا ہو چکا تھا کہ مراد خان کا بیٹا عیسائی عورت سے شادی کر آیا ہے شاید اگر دلاور کا رشتہ بختاور سے نا ہوا ہوتا اور مریم عسائی نا ہوتی تو مراد خان اسے قبول کر لیتے مگر اب حالات مختلف تھے
مراد خان اور زلیخا خانم نے مریم کی بہت بے عزتی کی دلاور خان انہیں روکتے رہے مگر زلیخا خانم نے مریم کو بازو سے پکڑ کر حویلی سے باہر نکال دیا
یہ سارا منظر نایاب کی آنکھوں کے سامنے ہو رہا تھا اس بار نایاب نے چھپنے کی کوشش نہیں کی وہ عین سامنے کھڑا تھا
پھر دلاور اپنی بیوی کو لیئے وہاں سے چلے گئے
سردار کرم بلوچ اور مراد خان کی دوستی دشمنی میں بدل گئی اور کرم بلوچ نایاب کو وہاں سے لے گئے
پھر تین سال بعد دلاور بلوچستان واپس آئے انہوں نے مراد خان سے معافی مانگی پہلے پہل تو مراد خان نے انہیں معاف نہیں کیا مگر پھر دلاور کے بار بار آنے اور معافی مانگنے پر زلیخا اور مراد نے انہیں معاف کر دیا مگر اس شرط پر کہ وہ کبھی اپنی بیوی کو بلوچستان نہیں لائیں گے اور ایسا ہی ہوا تھا
آہستہ آہستہ سب نارمل ہو گیا مگر جو ان حالت میں پس گیا تھا وہ بختاور تھی اسے اس غلط رواج کی بھیٹھ چڑھا دیا گیا تھا کہ جو لڑکی جس کے نام پر بیٹھی ہے اسی کے نام پر بیٹھی رہے گی کوئی اور اس سے شادی نہیں کر سکتا ۔
زندگی اسی رفتار سے گزرتی رہی پھر چند سالوں بعد دلاور ایک بار پھر اپنے باپ کے سامنے کھڑے تھے اپنے نو سال کے بیٹے کو لے کر مریم کی وفات کے بعد وہ باران کو حویلی لے آئے اس دن مراد خان نے انکے سامنے شرط رکھی کہ وہ باران کو قبول کریں گے مگر اس شرط پر کہ دلاور بختاور سے شادی کرے مجبوراً دلاور کو ماننا پڑا اور پھر باران کی ضد پر دلاور نے باران کو لاہور بھیج دیا کچھ عرصہ وہ اپنے باپ کو ٹالتے رہے اسی دوران زلیخا کا بھی انتقال ہوگیا اور مراد خان بیمار رہنے لگے پھر ایک دن مراد خان نے مرتے مرتے اپنے بیٹے کے سامنے آخری خواہش یہ رکھی کہ وہ بختاور سے شادی کر لیں جرگے میں بھی یہی فیصلہ ہوا کہ بختاور کی شادی دلاور سے کر دی جائے اور پھر بستر مرگ پر مراد خان کے سامنے دلاور اور بختاور کا نکاح کر دیا گیا
باران اپنے دادا کی موت کی خبر سن کر حویلی آیا تھا مگر وہاں بختاور کو دیکھ کر وہ وہاں سے چلا گیا اور پھر کبھی نہیں آیا
نایاب بھی اب بڑا ہو چکا تھا وہ اب وہ سہما ہوا بچہ نہیں رہا تھا اپنی بہن کو روز روتے ہوئے دیکھ کر بڑا ہوا تھا وہ اسکے دل سے محبت کے سارے جزبے جیسے مٹ گئے تھے باقی رہ گیا تھا تو غصہ اور نفرت دلاور خان کے لیئے اور اسی نفرت میں آ کر وہ دلاور کے خلاف مختلف ہتھکنڈے آزماتا رہتا تھا اور اس بار اسنے باران کو مروانے کی کوشش کی تھی اگر باران مر جاتا تو سرداری کے لیئے کون بچتا یقیناً نایاب وہ دو قبیلوں کا سردار بن جاتا اور سردار بنتے ہی وہ دلاور سے اپنی بہن کا بدلہ لیتا
حال
“نایاب میں مانتا ہوں میری غلطی ہے مگر اس وقت اگر میں بختاور سے شادی کر لیتا تو نا وہ خوش رہ پاتی نا میں اور نا مریم میں نے بس تین زندگیاں برباد ہونے سے بچائیں ہیں”
دلاور خان کی آواز ابھی بھی آہستہ تھی
“تین زندگیاں برباد ہونے سے بچانے کے لیئے آپ نے چھے زندگیاں برباد کر دیں لالا بختاور کی سردار کرم کی سردار مراد کی زلیخہ کی نایاب کی اور شاید اپنی پہلی بیوی مریم کی بھی”
پھر وہ وہاں ٹھہرا نہیں وہاں سے چلا گیا
دلاور خان بھی وہاں سے آگئے کیا واقع میں انہوں نے سب کی زندگی برباد کر دی تھی یہی سوچ انکے ذہن میں گردش کرتی رہی وہ رات ٹھیک سے سو نہیں سکے پھر مسجد میں باجماعت فجر پڑھنے کے بعد دعا کرتے ہوئے وہ بہت روئے تب تک جب انہیں حسین صاحب کی کال نہیں آئی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
“سر آپ نے مجھے ایک نمبر کی ڈیٹیلز نکالنے کو کہا تھا یہ رہی فائل”
اصفند نے ایک فائل جہانزیب کی طرف بڑھائی وہ جو ابھی ابھی آفس پہنچا تھا اور اپنے آفس روم کی طرف بڑھ رہا تھا جب اصفند کے بلانے پر وہ رک گیا
ہاں دے دو “”
جہانزیب نے وہ فائل پکڑ لی اور آگے بڑھ گیا
وہ اپنے آفس میں داخل ہوا تو اسنے کوٹ اتار دیا اور آگے بڑھ کر اسے اپنی کرسی کے پیچھے اچھے سے ٹانگ دیا اور خود بھی کرسی پر بیٹھتے ہی اسنے وہ فائلز کھول لی اسکے ماتھے پر بل پڑنے میں زیادہ دیر نہیں لگی تھی جو وہ فائل میں دیکھ رہا تھا وہ اسکے پاؤں کے نیچے سے زمین نکالنے کے لیئے کافی تھا
یکدم وہ اٹھا اور فائل پکڑے باہر کی طرف بھاگا
آفس کے لوگ اسے یوں بھاگتے ہوئے دیکھ کر اپنے کام چھوڑ کر اس کو دیکھ رہے تھے مگر اسے کسی کی پرواہ نہیں تھی اسے بس گھر پہنچنا تھا جلد سے جلد
وہ گھر میں داخل ہوا تو کچن میں کھڑی صدف بیگم اسے اس وقت دیکھ کر اسکی طرف آئیں تھیں مگر وہ نہیں رکا وہ سیدھا اپنے کمرے کی طرف بڑھ گیا
کمرے کا دروازہ ایک جھٹکے سے کھول کر وہ اندر داخل ہوا تھا سارا کمرا اندھیرے میں ڈوبا ہوا تھا اور سلینہ سامنے بیڈ پر سو رہی تھی اسنے بلب روشن کیا اور الماری کی طرف بڑھ گیا سلینہ شور سن کر جاگی تھی کیونکہ جہانزیب الماری میں رکھی ہر شے کو باہر فرش پر پھینک رہا تھا
کیا ہوا جہانزیب “”
اسکی نیند سے ڈوبی آواز کمرے میں گونجی مگر جہانزیب نے اسے کوئی جواب نہیں دیا
وہ اٹھ بیٹھی
جہانزیب اب درازوں کی طرف بڑھ رہا تھا
“کیا ڈھونڈ رہے ہو جہانزیب مجھے بتاؤ “
“سلینہ میری ایک پرانی سم تھی اسی کمرے میں تھی مجھے نہیں مل رہی تم نے دیکھی ہے؟”
وہ اب دراز میں موجود چیزوں کو بیڈ پر نکال رہا تھا
“س۔۔۔۔۔۔۔ سم کونسی سم میں نے تو نہیں دیکھی”
“سلینہ یہیں درازوں میں تھی یا الماری میں پلیز ڈھونڈو اگر وہ یہاں نہیں ہے تو سب بہت غلط ہے بہت غلط یقیناً وہ کسی کے ہاتھ لگ گئی ہے “
وہ اب گھوم کر دوسری طرف آیا اور دراز کھول دی
“اب کیوں چاہیئے کیا ۔۔۔۔کیا ہوا ہے ۔”
سلینہ نے کمفرٹر ایک طرف کردیا جو وہ اوڑھے ہوئے تھی
“سلینہ رابیل کو میسج میری اس سم سے گئے تھے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وہ میرے دھوکے میں وہاں پہنچی تھی کوئی تھا جو جانتا تھا کہ رابیل مجھے پسند کرتی ہے اور وہ میرے کہنے پر کہیں بھی جائے گی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مگر ایسا کیسے ہو سکتا ہے رابیل نے مجھے بھی یہ کبھی نہیں بتایا کہ وہ مجھے پسند کرتی ہے میں نے بس یہ محسوس کیا تھا میں نے تمہیں بتایا تھا نا ۔۔۔
وہ رکا
سلینہ کے چہرے پر ایک سایہ سا لہرایا
“یا میں جانتا تھا یا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تم سلینہ”
وہ اسکے سامنے بیڈ پر آ بیٹھ
“میری سم اس کمرے میں تھی اور تم اس کمرے میں رہ رہی تھی ۔ سلینہ یہ مت کہنا کہ یہ کام تم نے کیا ہے میں مر جاؤں گا سلینہ “۔
جہانزیب نے اسے کندھوں سے تھام لیا
“نہ۔۔۔۔نہیں جہا۔۔۔۔۔جہازیب میں نے کچھ نہیں کیا ۔۔۔۔۔۔۔میں تو چلی گئی تھی یہاں سے “
سلینہ کی آواز لرز گئی
جہانزیب نے ہاتھ بڑھا کر وہ فائلز اٹھائی جو وہ کمرے میں داخل ہوتے ہی بیڈ پر پھینک چکا تھا
اسنے فائل کھول لی مگر شاید وہ جو ڈھونڈنا چاہ رہا تھا وہ اس فائل میں اسے نہیں ملا
وہ جیب سے فون نکال کر اب کسی کو کال کر رہا تھا
“اصفند یہ کام کیا ہے تم نے۔ اس میں تو اس سم کی لوکیشنز ہی نہیں ہیں مجھے بتاؤ ابھی کہ آخری دفعہ وہ سم کس لوکیشن سے آن ہوئی تھی جلدی میں انتظار کر رہا ہوں”
اسنے فون کان سے ہٹایا
پھر اس نے سلینہ کو ایک نظر دیکھا جہانزیب کی آنکھوں میں بہت خوف تھا بہت خوف
سلینہ بھی اسکے ساتھ آنکھوں میں خوف لیئے سہمی بیٹھی تھی
وہ اٹھا اور اسنے کمرے کا دروازہ بند کر دیا
کچھ دیر وہ اسی بند دروازے کے ساتھ سر ٹکائے رہ گیا
وہ اب کمرے میں چکر کاٹ رہا تھا یہاں سے وہاں اور وہاں سے یہاں سلینہ کی آنکھیں مسلسل اسے فالو کر رہی تھیں یہاں سے وہاں اور وہاں سے یہاں
” ہاں اصفند بولو”
اصفند کی کال پر اسنے فون کان سے لگایا جبکہ اسکی نظریں سلینہ پر تھیں
وہ چند لمحات تھے جہانزیب نے فون کان سے ہٹایا اسنے اپنے ہاتھوں کو ڈھیلا چھوڑ دیا فون اسکے ہاتھ سے چھوٹ کر فرش پر جا گرا
“جہانزیب ۔۔۔۔۔۔۔۔میری با۔۔۔۔بات ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آرام سے سنو”
سلینہ بیڈ سے اٹھی اور اسکی طرف بڑھی
“دیکھو جہانزیب میرا ارادہ غلط نہیں تھا میں نے جو کیا وہ ہمارے لیئے کیا تمہاری امی تمہاری شادی اس رابیل سے کر رہی تھیں وہ مجھے بلکل پسند نہیں کرتی تھیں ۔۔۔۔۔۔ جہانزیب میں نے غلط نہیں چاہا تھا
اور ویسے بھی میں نے اسے اس جگہ نہیں بلایا تھا وہ پاگل تو اپنے پاگل پن کے ہاتھوں ماری گئی جہانزیب میں سچ کہہ رہی ہوں میں نے اسے وہاں نہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔”
سلینہ کے الفاظ اسکے منہ میں ہی رہ گئے جب ایک زناٹے دار تھپڑ اسکی گال پر پڑا
“میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا سلینہ کہ تم یہ سب کروگی “
وہ سلینہ کو کندھوں سے اس قدر مضبوطی سے پکڑ چکا تھا کہ تکلیف کے باعث سلینہ کہ منہ سے سسکی نکلی تھی ابھی تو وہ تھپڑ پر حیران تھی کہ اب یہ
” جہازیب مجھے درد ہو رہا ہے “
“تم اس قدر گھٹیا حرکت بھی کر سکتی ہو اگر مجھے پہلے پتہ ہوتا تو میں تمہاری طرف دیکھتا بھی نہیں سلینہ “
جہانزیب اسکی نہیں سن رہا تھا
“جب میں نے تمہیں کہا تھا کہ میں رابیل سے کبھی شادی نہیں کرونگا تو کیا ضرورت تھی یہ سب کرنے کی”
” جہانزیب ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔”
وہ اسے مسلسل خود سے دور کرنے کی کوشش کر رہی تھی
“مجھے خود سے گھن آ رہی ہے کہ میں نے تم جیسی لڑکی سے محبت کی”
اس نے ایک جھٹکے سے اس چھوڑا وہ لڑکھڑاتی ہوئی بیڈ پر جا گری
جہانزیب اسے غصے سے دیکھتا ہوا باہر نکل گیا
وہ جس رفتار سے آیا تھا اس سے بھی تیز رفتار میں باہر نکل گیا صدف بیگم اسے بلاتی رہیں مگر وہ انسنا کرتا باہر نکل گیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
“بدر میں نے تمہیں صرف ایک کام دیا تھا کہ رابیل کو قتل کردو اور ابھی تک تم سے وہی نہیں ہوا کہاں ہے وہ تمہارا خاص آدمی خان جس پر تمہیں بہت بھروسہ تھا اور وہ کیا بن رہا تھا میرے سامنے اور کام کرتے ہوئے یہ نکلا وہ”
حسین صاحب بدر کے سامنے بیٹھے چلا رہے تھے
اسی پل کسی نے دروازہ کھولا مگر وہ اندر داخل نہیں ہوا
“یار خان نے پتہ نہیں کیوں اس لڑکی کو مارنے سے انکار کر دیا ہے بلکل پاگل ہو گیا ہے خان ۔ لیکن تم فکر مت کرو میں کسی اور آدمی سے یہ کام کر وا لوں گا فکر مت کرو “
بدر کی آواز قدرے آہستہ تھی
“کب کروا لو گے تم یہ کام وہ لڑکی ملک چھوڑ کر جا رہی ہے جس کی وجہ سے میرا بھائی مر گیا اور تم کہہ رہے ہو تم یہ کام کر وا لو گے کب “؟
“کیا ..وہ لڑکی ملک چھوڑ کر جا رہی “
بدر کی حیرانی واضح تھی
اور حیران تو وہ بھی ہوا تھا یہ جان کر نہیں کہ وہ ملک چھوڑ کر جا رہی ہے بلکہ یہ جان کر کہ اسکا باپ مر گیا ۔۔۔۔ یہی تو وہ اسے بتا رہی تھی جھیل کے کنارے وہ اس لیئے تو اتنا رع رہی تھی ۔۔۔۔ وہ ایک سچا خواب تھا
“آج رات بارہ بجے کی فلائٹ ہے اسکی ترکی جا رہی ہے وہ تم نے میرا سارا پلین خراب کر دیا ۔ اگر تم اسے پہلے مار دیتے تو کم سے کم میں اپنے بھائی کے سامنے سچا تو بن جاتا اب تو میرا بھائی ہی نہیں رہا”
حسین صاحب اٹھ کھڑے ہوئے تھے
“تو اب کیوں مروانا ہے اسے؟ “
بدر کا سوال کرنا بنتا تھا
“تو چھوڑ دوں اسے جو میرے بھائی کی موت کی وجہ ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔ کیسی باتیں کر رہے ہو تم “
حسین صاحب کی آنکھیں غصے کی وجہ سے سرخ ہو گئیں تھیں
“اچھا اچھا تم فکر مت کرو آج رات بارہ بجے کی فلائٹ ہے نا ابھی سات ہی بجے ہیں وہ لڑکی ترکی نہیں پہنچے گی “
بدر بھی انکے سامنے آ کھڑا ہوا
تب باران دروازے کے پاس سے ہٹ گیا اسے معلوم تھا اسے اب کیا کرنا ہے
“اگر اب تم نے مجھے مایوس کیا تو مجھ سے برا کوئی نہیں ہوگا بدر “
حسن صاحب بدر کو غصےسے ایک نظر دیکھتے ہوئے کمرے سے نکل گئے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وہ سفید رنگ کی گاڑی کب سے سڑکوں پر بے مقصد دوڑتی جا رہی تھی جیسے اسے کسی منزل کی تلاش ہو مگر اس منزل کا علم کسے تھا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جہانزیب کو نہیں پتہ تھا وہ کہاں جا رہا ہے بس مدھم رفتار میں گاڑی چلاتا وہ نوجوان ماضی کے جھکڑوں میں الجھا ہوا تھا
وہ تھپڑ جو اسنے رابیل کو مارا تھا اسکا اصل حقدار کون تھا ؟
سیڑھیوں پر آسمانی رنگ کے لباس میں کھڑی اس لڑکی کی وہ نظریں وہ شکوہ بھری نظریں وہ جائز تھیں بلکل جائز
اسنے ایک جھٹکے سے گاڑی روک دی
مرد روتے نہیں مگر جب پچھتاوے کے بوجھ دل پر پڑتے ہیں تو نمکین پانی بہنے لگتا ہے مگر بھلا اس بوجھ کے سمندر پر چند قطروں سے کیا فرق پڑے گا
“رابیل مجھے معاف کر دو “
اسنے اپنی آنکھیں بند کر کے یہ جملہ ادا کیا
مگر اس تھپڑ کا منظر اور زمین پر گری ہوئی رابیل کی وہ حالت اسکی آنکھوں کے سامنے لہرا گئی اسنے جھٹ سے آنکھیں کھول لیں
اسنے فون اٹھایا اور چند کلکس کے بعد اسنے فون کان سے لگا لیا
“اصفند میں تمہیں ایک اور نمبر دے رہا ہوں مجھے اسکی لوکیشن چاہیئے جلدی”
اسنے فون ساتھ والی سیٹ پر پھینک دیا
اور سٹیرنگ پر سر ٹکا دیا
اسنے سر تب اٹھایا جب موبائل پر نوٹیفکیشن آنے کی آواز آئی
اصفند نے لوکیشن بھیج دی تھی
جہانزیب نے فون پر کلک کیا تو میسج کھل گیا
لوکیشن دیکھتے ہی اسکے ماتھے پر بل پڑ گئے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک سیاہ رنگ کی گاڑی اس گھر سے کچھ فاصلے پر رکی تو باران جلدی سے نیچے اتر کر گھر کی طرف بڑھا تھا
چٹیل میدان کے سامنے ہی وہ گھر مضبوطی سے کھڑا تھا مگر اس چھوٹے گیٹ پر تالا لگایا گیا تھا
وہ یہاں آیا تھا تاکہ اگر کوئی بھی رابیل کو قتل کرنے کے لیئے اس گھر کی طرف آئے تو وہ اسے روک سکے مگر گھر میں کوئی نہیں تھا
سب کہاں ہو سکتے ہیں
اسنے دماغ پر زور دیا
شاید حسین کے گھر ۔۔۔۔ ترکی جانے سے پہلے شاید وہ ان سے ملنے گئے ہوں
ہاں یہ ہو سکتا ہے
وہ وہاں سے اپنی گاڑی کی طرف بھاگا
اسے نہیں پتہ تھا کہ وہ رابیل کو کیوں بچانا چاہتا ہے مگر اسکا دل یہ سوچ کر ہی ڈوب رہا تھا کہ رابیل کو نقصان پہنچ سکتا ہے
وہ گاڑی میں بیٹھا تو چند پل کے لیئے ٹھہر گیا
آخر وہ کیوں مدد کر رہا ہے رابیل کی؟ آخر وہ کیوں مدد کرنا چاہتا ہے رابیل کی؟ کیا اسکے پاس اس چیز کا جواب تھا نہیں بلکل نہیں
اسنے گاڑی سٹارٹ کی اور گاڑی زن سے بھاگتا ہوا لے گیا اسکا رخ اب حسین کے گھر کی طرف تھا
لاہور کے ایک پوش علاقے میں ایک گھر کے باہر وہ سیاہ گاڑی رکی اور وہ باہر نکلتا اس میرون گیٹ کے پاس رک گیا
ابھی وہ بیل بجاتا ہی کہ چوکیدار باہر نکلتا دکھا
“جی آپ کون” ؟
“مجھے حسن صاحب کی تعزیت کے لیئے انکے گھر والوں سے ملنا ہے”
اسکے منہ میں جو آیا اسنے بول دیا
“حسین صاحب اس وقت گھر پر موجود نہیں ہیں آپ کل آ جائیے گا”
اسنے گھڑی میں ٹائم دیکھا جو اٹھ بجا رہی تھی چوکیدار اسکا وقت ضائع کر رہا تھا۔( ہاں چوکیدار کو پتہ ہونا چاہیئے تھا کہ وہ رابیل کا پوچھ رہا ہے جیسے ہی باران گھر کے باہر آتا چوکیدار دور سے ہی پکارتا “باران رابیل یہاں نہیں ہے” اف اف اف )
“میں تو بہت دور سے آیا ہوں ۔۔۔۔۔ کیا میں حسن صاحب کی بیٹیوں سے مل سکتا ہوں آپ انسے جا کر کہہ دیں کہ حسن صاحب کے دوست دلاور خان کا بیٹا آیا ہے”
وہ کام نکالنا جانتا تھا
“لیکن حسن صاحب کی بیٹیاں تو یہاں نہیں رہتیں ۔ وہ دوسرے گھر شفٹ ہو گئے ہیں آپ وہاں جا کر انسے مل سکتے ہیں”
چوکیدار نے اپنی طرف سے بہت بڑا انکشاف کیا تھا
“میں آپکو پتہ لکھ کر دے دیتا ہوں”
” ٹھیک ہے “
پھر وہ چوکیدار گھر کے اندر چلا گیا اور باران گاڑی میں بیٹھتا یہ جا وہ جا اسنے جو پتہ کرنا تھا وہ کر لیا تھا رابیل یہاں پر بھی نہیں تھی تو وہ یقیناً ایئرپورٹ کے لیئے نکل گئی تھی اسے اب ایئرپورٹ پہنچنا تھا
پیچھے چوکیدار بیچارہ پتہ لکھ کر لایا ہوگا مگر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وہ تینوں وقت رہتے ہی ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے بارہ بجے کی فلائٹ کے لیئے دس بجے تو ایئرپورٹ پہنچنا ہی تھا مگر وہ تینوں اٹھ بجے ہی پہنچ گئے تھے کیونکہ رابیل کی یہ پہلی فلائٹ تھی تو کچھ ضروری کام رہتے تھے جو ایئرپورٹ پر ہی ہونے تھے اور ان میں دیر بھی لگ سکتی تھی
ایئرپورٹ پر رات میں بھی اس قدر روشنی تھی کہ آنکھیں چندھیا جاتی تھیں لوگ مسلسل یہاں سے وہاں اور وہاں سے یہاں آ جا رہے تھے
” تم دونوں کو کچھ چاہیئے “
احمد کی آواز پر ان دونوں نے اسکی طرف دیکھا
“رابیل تمہیں کچھ چاہیئے” ثوابیہ نے رابیل کے کندھے پر ہاتھ رکھا
“نہیں آپی مجھے کچھ نہیں چاہیئے” سیاہ حجاب باندھے وہ لڑکی بہت معصوم لگ رہی تھی شاید وہ بہت روئی تھی کچھ دیر پہلے کیونکہ رونے کی سرخی ابھی تک اسکے چہرے پر واضح تھی
اسی پل جہانزیب ائیرپورٹ میں داخل ہوا تھا اسے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ رابیل اس وقت ائر پورٹ پر کیوں تھی وہ اسکی لوکیشن دیکھ کر یہاں پہنچا تھا
اتنے لوگوں میں رابیل کو ڈھونڈنا بہت مشکل تھا شکر اس بات کا کہ لوکیشن ابھی بھی ایئرپورٹ کی ہی تھی وہ جس لیئے بھی یہاں تھی وہ یہاں تو تھی
وہ اسے ڈھونڈ رہا تھا مگر وہ اسے نہیں ملی . وہ ایک طرف کو مڑا ہی تھا کہ کسی سے بری طرح ٹکرا گیا
” سوری”
جہانزیب کہ منہ سے بلا اختیار سوری نکل گیا
وہ ایک درمیانی عمر کا آدمی تھا جو جہانزیب سے ٹکرانے کے بعد اب اسے گھور رہا تھا ماسک سے چہرا تو چھپا ہوا تھا البتہ لال بھبھوکھا آنکھیں کسی کو ڈرانے کے لیئے کافی تھیں
” آپ ٹھیک ہیں “
جہانزیب کو لگا اسے پوچھ لینا چاہیئے ورنہ اتنی سی ٹکر پر اگلے کی ہڈی تو نہیں ٹوٹ گئی ہوگی نا
اس آدمی نے کچھ نہیں کہا اور اسے گھورتا ہوا آگے بڑھ گیا
یہ آدمی کچھ عجیب تھا
جہانزیب کو اس آدمی میں کچھ عجیب لگا
مگر کیا؟ وہ اسی آدمی کی پشت کو دیکھ رہا تھا
وہ ایک سی ایس ایس افسر تھا اور اسنے کریمینل ڈپارٹمنٹ میں اپنی دلچسپی کے تحت پوسٹنگ کروائی تھی
اس آدمی میں ضرور کچھ عجیب ہے
اسنے ایک بار آنکھیں بند کر کے منظر کو یاد کرنے کی کوشش کی جب وہ اس سے ٹکرایا تھا تو کیا ہوا تھا
اس آدمی کا دایاں ہاتھ ایک خاص پوزیشن پر گیا تھا جیسے اسنے کسی شے کو محفوظ کرنا چاہا ہو اور وہ شے بہت احتیاط سے چھپائی گئی تھی
جہانزیب نے آنکھیں کھولیں وہ آدمی اسے ابھی بھی دور جاتا نظر آ رہا تھا
وہ کیا شے ہو سکتی ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یقیناً ایک گن
یہ وہ پہلی سوچ تھی جو اسکے دماغ میں آئی تھی وہ اس آدمی کے پیچھے بھاگا
وہ آدمی تیز تیز قدموں سے آگے بڑھ رہا تھا
جہانزیب نے اپنی رفتار مزید تیز کر لی
لوگوں سے بے نیاز وہ اسکے پیچھے بھاگ رہا تھا
پھر اسے وہ آدمی لوگوں کی بھیڑ میں چھپتا ہوا نظر آیا۔۔۔ نہیں وہ اسے کھو نہیں سکتا نا جانے کیا ارادہ تھا اسکا
وہ آدمی اب مکمل طور پر لوگوں کی بھیڑ میں چھپ گیا جہانزیب ایک لمحے کو اپنی جگہ پر رک کر یہاں وہاں دیکھنے لگا مگر وہ آدمی اسے نظر نہیں ایا
اسے یقیناً سکیورٹی کو ابھی انفارم کرنا تھا یہ ضروری تھا
وہ ایک طرف کو بڑھ گیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
باران نے گاڑی پارکنگ ایریا میں پارک کی اور اندر کی طرف بھاگا تھا اتنے بڑے ایئرپورٹ میں رابیل کو ڈھونڈنا یقیناً مشکل تھا مگر ہاں وہ ترکی جا رہی ہے نا تو اسے رابیل کو وہٹنگ ایریا میں ڈھونڈنا چاہیئے یقیناً وہ لوگ اس وقت ویٹنگ ایریا میں ہی ہونگے کیونکہ ان کی فلائٹ بارہ بجے کی تھی اور ابھی تو صرف ساڈھے نو ہی تھے
اسکے قدم تیز تھے مگر وہ اب بھاگ نہیں رہا تھا
اسے کچھ منٹ لگے تھے وہاں تک پہنچنے میں اتنے بڑے ویٹنگ ایریا پر اسنے نظریں گھمائیں مگر اسے رابیل نظر نہیں آئی وہ آگے بڑھا لوگ یہاں بھی کم نہیں تھے اسکی نظریں مسلسل اسے ڈھونڈ رہی تھی
اور کچھ لمحوں کے بعد وہ رک گیا اس سے کچھ فاصلے پر ایک آدمی کھڑا تھا
ماسک کے باوجود وہ اسے پہچانتا تھا وہ بدر کا آدمی تھا
وہ آدمی ایک خاص پوزیشن پر کھڑا کسی کو مسلسل گھور رہا تھا
پھر باران نے اس آدمی کی نظروں کے تعاقب میں دیکھا وہ وہیں بیٹھی تھی سیاہ حجاب باندھے وہ وہی تھی
جہانزیب سیکورٹی کو سب بتا چکا تھا اور ان سب کا پلین اب یہ تھا کہ ایئرپورٹ پر چونکہ لوگ بہت تھے اور ایسی صورت میں کسی بھی قسم کا ایمرجنسی سائرن بھگدڑ کا باعث بن سکتا تھا اور ابھی یہ بھی کنفرم نہیں تھا کہ وہ آدمی اکیلا ہے یا اسکے ساتھ اور بھی لوگ ہیں اور انکا مقصد کیا ہے اس لیئے فلحال بنا دیر کیئے ایئرپورٹ کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے تھے تاکہ وہ جو بھی ہیں باہر نا جا سکیں جہانزیب اس وقت سیکورٹی روم میں موجود تھا جہاں سے مختلف سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پورا ایئرپورٹ دیکھا جا رہا تھا ان سب لوگوں کو سوائے اس آدمی کے کوئی اور مشکوک نہیں لگا تھا جہانزیب کے سامنے ایک سکرین اوپن کی گئی تو وہ آدمی صاف نظر آنے لگا وہ آدمی ایک پوزیشن میں کافی دیر سے کھڑا تھا یقیناً وہ جو بھی کرنے والا تھا یہیں سے کرنے والا تھا
ہولڈ دا پوزیشنز
جہانزیب کے کہتے ہی نیلے رنگ کی یونیفارم پہنے پچس لوگوں کی ایک ٹیم ایک قطار میں کھڑی ہوگئی
ہائڈ دا ویپنز اینڈ سرائونڈدیٹ مین
( ہتھیار چھپا لو اور اس آدمی کو گھیر لو )
جہانزیب ان پچس لوگوں کے ساتھ اس روم سے نکلا ۔ انہیں بہت سی چیزوں کا خیال رکھنا تھا کہ عوام میں ڈر نا پھیلے بھگدڑ نا مچے وغیرہ وغیرہ اسی لیئے روم سے نکلتے ہی وہ پچس لوگ الگ الگ ہو گئے تھے اور مختلف راستوں سے اس خاص ویٹنگ ایریا کی طرف بڑھنے لگے تھے جہاں وہ شخص موجود تھا
وہ آدمی عین رابیل کے سامنے کھڑا تھا جب اسنے چھپی ہوئی گن نکال لی
باران اب تیزی سے اس آدمی کی طرف بڑھ رہا تھا
وہ سب لوگ وہاں پہنچ گئے تھے اس طرح کے ان لوگوں کے ایک بڑے سے دائرے میں وہ آدمی کھڑا تھا پھر جہانزیب کے ایک اشارے پر وہ سب اس آدمی کی طرف بڑھنے لگے
باران اس انداز میں اسکی طرف بڑھا تھا کہ وہ اب بلکل اسکے پیچھے موجود تھا
وہ آدمی اب گولی چلانے کے لیئے تیار تھا
ایک ۔۔۔۔۔ دو ۔۔۔۔۔تین مگر گولی چلانے سے پہلے باران نے اسے پیچھے سے دبوچ لیا تھا
لوگ یکدم کسی ہلچل پر ان دو آدمیوں کو دیکھنے لگے
پہلے لوگ انہیں دیکھ کر حیران ہوئے مگر پھر اس آدمی کے ہاتھ میں گن دیکھ کر سب لوگ ایک ساتھ ہی پیچھے ہوئے تھے
لوگ ان کے گرد ایک گول دائرہ بنا چکے تھے
باران نے ایک خاص انداز میں اسکا ہاتھ مروڑا تو گن چھوٹ کر نیچے جا گری
جہانزیب اور باقی آدمی بھی انکے قریب آ گئے تھے جہانزیب نے ہاتھوں پر گلوز پہن کر نیچے گری ہوئی وہ گن اٹھا کر ایک پلاسٹک بیگ میں ڈال دی
کچھ سیکورٹی کے لوگ اس ادمی کو باران کے ساتھ پکڑے کھڑے تھے
ہلکے شور پر وہ تینوں بھی اس طرف متوجہ ہوئے تھے
” یہ کیا ہو رہا ہے وہاں اتنی سیکورٹی کیوں آئی ہے “
ثوابیہ نے احمد سے سوال کیا
” میں دیکھ کر آتا ہوں “
احمد یہ کہتا بھیڑ کی طرف بڑھ گیا
رابیل نے بھی اس طرف دیکھا مگر اتنی بھیڑ میں کیا ہی دکھتا
باران نے اب اس آدمی کو چھوڑ دیا
” سب کچھ کنٹرول میں ہے خطرے کی کوئی بات نہیں ہے “
جہانزیب لوگوں کی طرف گھوما
اسکی بات سن کر عوام سکھ نے کا سانس لیا تھا
( ایک بات ہے اسے میں بہادری کہوں یا پاگل پن پاکستانی عوام کچھ ایسا ویسا دیکھنے پر بجائے بھاگنے کے تماشہ دیکھنے کھڑی ہو جاتی ہے اگر باران اسکے ساتھ سے گن نا گراتا تو ممکن تھا کہ خود کے دفاع کے لیئے وہ آدمی گولی چلا دیتا اور وہ گولی کسی کو بھی لگ سکتی تھی۔۔۔۔۔۔۔۔ہک ہا )
چند سکیورٹی کے لوگ اس آدمی کو وہاں سے لے گئے تو جہانزیب باران کی طرف بڑھا
“تھینکیو آپ نے بہت ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ بھی غلط ہونے سے بچا لیا”
جہانزیب کو لگا اسے اس آدمی کا شکریہ ادا کرنا چاہیئے اگر وہ وقت پر نہیں پہنبچتا تو شاید وہ آدمی گولی چلا دیتا
” کیا میں آپکو جانتا ہوں” ؟
جہانزیب نے اپنے دماغ پر زور ڈالا اسے باران دیکھا دیکھا سا لگا
“جی ڈی سی صاحب میں سردار باران خان ہوں ہم پہلے آپکی خالہ کے گھر مل چکے ہیں”
” ہاں یاد آیا ۔۔۔۔۔۔ سردار باران خان آپکی یاداشت تو بہت اچھی ہے “
جہانزیب اسے داد دیئے بنا نا رہ سکا
لوگوں کی بھیڑ چھٹی تو رابیل نے اس طرف دیکھا مگر اسے چند سیکورٹی گارڈز کی پشت کے سوا کچھ نہیں نظر آیا
” آپ کہیں جا رہے ہیں”
جہانزیب نے اندازہ لگایا
“نہیں میں کسی کو ائیرپورٹ چھوڑنے آیا تھا اور پھر اس آدمی کو دیکھ کر رک گیا” ۔
“ہممم۔۔۔۔۔۔۔۔ ہم کہیں بیٹھ کر بات کرتے ہیں “
جہانزیب نے ایک طرف کو اشارہ کیا تو باران سر ہاں میں ہلاتا اس طرف بڑھا جہانزیب بھی اسکے ساتھ بڑھا
سیکورٹی کے لوگ ان دونوں کو راستہ دینے کے لیئے ایک طرف کو ہوئے تو وہ دونوں ان کے آگے چلنے لگے اب منظر یہ تھا کہ مخصوص یونیفارم پہنے بہت سے اہلکار ان دونوں کے پیچھے چل رہے تھے اور وہ دونوں ان کے آگے مضبوط قدم اٹھاتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے
تب رابیل نے اس طرف دیکھا
سارے منظر دھندلا گئے
اسے نظر آیا تو صرف جہانزیب صرف جہانزیب
اسکی آنکھوں کو آنسوؤں سے بھرنے میں وقت نہیں لگا تھا
کیا آج جب وہ سب چھوڑ کر جا رہی تھی تو اس شخص کا اسے نظر آنا ضروری تھا
اسنے بے بسی سے نظریں پھیر لیں
” کیا ہوا “
احمد کے آنے پر ثوابیہ نے اس سے پوچھا وہ بھی جہانزیب کو دیکھ چکی تھی شاید باران جہانزیب کی دوسری طرف تھا اس لیئے کوئی اسے نہیں دیکھ سکا
“ایک آدمی کسی پر گولی چلانے والا تھا مگر تمہارا کزن وہاں صحیح موقع پر پہنچ گیا”
ثوابیہ نے سمجھتے ہوئے سر ہلایا
اسنے ایک نظر رابیل کو دیکھا مگر رابیل اسے نہیں دیکھ رہی تھی وہ اب نظریں جھکائے بیٹھی تھی ۔
کتنی ہی دعائیں مانگی تھی رابیل نے کہ جہانزیب سی ایس ایس کے امتحان پاس کر لے اگر حالات کچھ اور ہوتے تو شاید اسکے ڈی سی بننے پر سب سے زیادہ خوش رابیل ہوتی مگر اب ایسا نہیں تھا
” چلو ہماری بورڈنگ کا ٹائم ہو گیا ہے “
ایک اناونسمنٹ کو سنتے ہوئے احمد ان دونوں کے ساتھ آٹھ کھڑا ہوا اور وہ اس گیٹ سے بلکل مخالف سمت سمت کے گیٹ کی طرف بڑھ گئے جہاں سے ابھی وہ دونوں نکل رہے تھے
“آپکو کیسے پتہ چلا اس آدمی کے بارے میں آپ یہاں اسے پکڑنے ہی آئے تھے”
باران نے یونہی پوچھا
” نہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ میں اپنے کام سے آیا تھا “
جہانزیب نے ایک بار اپنے ارد گرد نظر دوڑائی شاید وہ اسے نظر آ جائےوہ اس معاملے میں اسے بھول ہی گیا تھا
” آپ بھی کسی کو چھوڑنے آئے تھے “
وہ دونوں ایک ساتھ آگے چلتے جا رہے تھے
” ہاں مجھے بھی شاید کوئی چھوڑ کر چلا گیا ہے “
اسنے ایک سرد آہ بھری
کاش وہ اسے مل جاتی کاش
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جاری ہے






