CrazyLatestNida e EmanRomantic

Faqeer e Muhabat by Nida e Eman Episode 11

Faqeer e Muhabat Episode 11 by Nida e Eman – cover
Language
Urdu

About this novel

Faqeer e Muhabat (Urdu: فقیر محبت) Episode 11 by Nida e Eman follows Jahanzeb’s raid on Khan’s hideout, set up by Baran. Fifty officers surround a house in the hills of Balochistan and find it empty, apart from one thing left on a table. Dilawar Khan, meanwhile, names the girl he wants Baran to marry.

In Turkey, a phone call from Jahanzeb reopens everything Rabail had tried to bury. He has divorce papers on his desk and a confession about who really lured her that day, but she is not ready to hear it. Back in Lahore, Sadaf Begum tells her son what it would take to put things right.

← Read Episode 10 · Episode 1

ناول: فقیر محبت
ازقلم: ندائے ایمان
میری ماں کے نام
گیارہویں قسط

اس وقت بلوچستان میں بادل برسنے کو تیار تھے گہرے بادلوں کی گرج خوفزدہ تو کر ہی رہی تھی ساتھ ہی ساتھ حبس کا راج تو بارش ہونے تک برداشت کرنا ہی تھا

خان حویلی مضبوطی سے کھڑی ان سیاہ بادلوں کو تک رہی تھی گھوم کر لان پر نظر ڈالو تو دیکھو کہ وہاں کوئی ٹہل رہا ہے باران جوتوں سے عاری مضبوط قدموں کو ہری گھاس پر آہستہ آہستہ رکھتا آگے بڑھتا اور ایک خاص پوائنٹ پر جا کر واپس مڑ آتا ہاتھ میں پکڑے گرم چائے کے کپ سے وہ وقفے وقفے سے گھونٹ بھرتا کسی گہری سوچ میں تھا جب ایک زور دار گرج نے اسے آپنی طرف متوجہ کیا تو اسنے نظریں اٹھا کر ان سیاہ بادلوں کو دیکھا پورے آسمان پر چھائے وہ سیاہ بادل تیزی سے ایک سمت کو بڑھ رہے تھے ایسی چیزیں مجھے بہت اٹریکٹ کرتی ہیں جیسے بادلوں کا ایک سمت کو بڑھنا ، چیونٹیوں کا ایک ہی قطار میں چلنا ، پانی کا ایک ہی سمت میں بہاؤ مجھے لگتا ہے انسانوں کی یاد دہانی کے لیئے بنائے گئے ہیں کہ ہمیں ایک ہی سمت میں چلنا چاہیئے ایک ہی قطار میں ۔ مگر انسان ساری عمر مختلف سمت کو جاتی قطاروں میں اپنے کھوئے ہوئے پرزے ڈھونڈنے میں برباد کر دیتا ہے دنیاوی زندگی کی بے شمار قطاروں میں انسان بٹ کر رہ جاتا ہے مگر وہ یہ نہیں سوچتا کہ میں اخروی زندگی کی ایک قطار میں کیوں نا کھڑا ہو جاؤں افسوس! پھر میں نے بہت سے لوگوں سے سنا بھی ہے کہ دنیا اور آخرت کو ساتھ لے کر چلنا چاہیئے مگر میں ان سے پوچھتا ہوں کہ اگر آپ کو دو حصوں میں کاٹ کر ان دو قطاروں میں کھڑا کر دیا جائے تو کیا ہوگا ؟ تم کہیں نہیں پہنچ پاؤ گے نچلے دھڑ کو اپرلے دھڑ کی کمی کہیں پہنچنے نہیں دے گی اور اپرلے دھڑ کو نچلے دھڑ کی کمی کہیں نہیں پہنچنے دے گی یہ بات زیادہ مشکل تو نہیں کہ کوئی سمجھ نا سکے اور پھر آتے ہیں انتہائی سمجھدار لوگ جن کا کہنا ہے کہ دنیا اور آخرت کو ساتھ لے کر چلنے کا مطلب ہے کہ جب آخرت کے لیئے کچھ کرنے کا موقع ہو تب آخرت کے لیئے کام کر لیئے اور جب دنیا آپکے سامنے آئے تو دنیا کو چن لو یعنی جب مولوی اذان دے تو نماز کے لیئے بھاگو اور باقی وقت میں دنیا کماؤ ۔ جی بلکل ٹھیک کہہ رہے ہیں میں آپکی بات سے بلکل سہمت ہوں مگر میں اس وقت کو مدِنظر رکھتے ہوئے سوال کرنا چاہتا ہوں کہ اگر مثال کے طور پر نماز کے وقت آپکی دکان پر بہت رش لگا ہوا ہے اور اچھی خاصی کمائی ہو رہی ہے تو کیا اس وقت آپ دکان بند کر کے نماز کے لیئے جائیں گے اس وقت آپ گاہکوں سے کہیں گے کہ پہلے جماعت ہو جائے پھر آئیے گا ، کسی شادی پر جائیں تو نماز کی معافی ہو جاتی ہے یہ تو کہیں نہیں لکھا نا تھوڑی سی مصروفیت میں نماز قضاء کر دینا کہاں سے دنیا اور آخرت کو ساتھ لے کر چلنا ہے ؟ پتہ ہے صحابہ کرام کیا کرتے تھے وہ دین کو اپنے سر کا تاج بنا کر پہنتے تھے اور دنیا کو اپنے ہاتھوں میں تھامتے تھے جب کبھی انہیں لگتا تھا کہ انکا دین مشکل میں ہے تو وہ دنیا کو پھینک کر دین کو سنبھال لیتے تھے میں یہ پوچھتا ہوں کیا دنیا اور آخرت برابر ہو سکتے ہیں کہ لوگ انہیں برابری کے ترازو میں تولتے ہوئے کہتے ہیں کہ دنیا اور آخرت کو ایک ساتھ برابری کے ساتھ لے کر چلو ۔ چند ساعتوں کے بعد اسنے بادلوں سے نظریں ہٹائیں اور سامنے پھولوں کی کیاریوں پرنظریں مرکوز کر گیا وہ قدم قدم چلتا ان تک پہنچا تو وہ پودے اس نوجوان کو حیرت سے تکنے لگے اس لیئے نہیں کہ وہ آج پہلی بار اسے یہاں اس طرح دیکھ رہے تھے کیونکہ وہ تو اکثر ہی اترتی شام ان پھول پودوں کے نام کر دیتا تھا بلکہ اس لیئے کہ آج وہ شخص کچھ اداس لگ رہا تھا اسنے انگلی کے پوروں سے ایک گلاب کو چھوا تو وہ گلاب اداسی سے مسکرا دیا باران بھی ہلکا سا مسکرایا پھر اسنے اسی ہاتھ سے اپنی جیب سے موبائل نکالا اور چند کلکس کے بعد اسنے موبائل کان سے لگا لیا

“ڈی سی صاحب میں آج لاہور آ رہا ہوں کیا ہم مل سکتے ہیں”

جہانزیب اس وقت اپنے آفس سے نکل رہا تھا جب اسے باران کی کال آئی

“کہاں ملنا ہے”

جہانزیب نے بس اتنا ہی پوچھا

“میں لوکیشن سینڈ کر دونگا”

باران پھر چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتا ٹہلنے لگا

“ٹھیک ہے ۔۔۔۔۔۔ میں پہنچ جاؤں گا اور تم اتنا وقت کیوں لے رہے ہو ان چار مہینوں میں کتنا کچھ بدل گیا مگر کام نہیں ہوا اور اب مجھے لگ رہا ہے تم سے میری وہ ملاقات میری سب سے بڑی غلطی تھی جسے سدھارنے میں مجھے وقت نہیں لگے گا یہ یاد رکھنا”

جہانزیب کا انداز وارن کرنے والا تھا

“ڈی سی صاحب حوصلہ رکھیں کیوں اتنا بے چین ہو رہے ہیں ۔ اور وہ ملاقات آپکے لیئے غلطی ہو سکتی ہے مگر میرے لیئے وہ میری زندگی کا سب سے صحیح فیصلہ تھا”

“لوکیشن بھیج دینا میں پہنچ جاؤں گا”

جہانزیب نے اسکی بات پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا اور کال کاٹ دی

ان چند مہینوں میں آخر ایسا کیا ہو گیا تھا جو حالات یوں بدل گئے تھے پر خیر حالات تو چند لمحات میں بھی بدل جاتے ہیں یہ تو پھر چند ماہ تھے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ماضی

باران ان دنوں بہت سے معاملات میں الجھا رہا تھا مگر وہ جہانزیب کی بات کو اپنے ذہن سے نہیں نکال سکا تھا ہاں اسے جہانزیب کو خان کی گرفتاری میں مدد جو کرنی تھی اف اف اف ۔

وہ اس وقت اپنے ڈیرے پر موجود اپنے پسندیدہ اس سیاہ گھوڑے کو بادام کھلانے میں مصروف تھا جب اس کا فون بج اٹھا فون پر جگمگاتے اس نام کو پڑھ کر وہ ایک پل کو مسکرایا اور فون کان سے لگا گیا۔

“اسلام علیکم!”

جہانزیب کی آواز بہت فریش لگ رہی تھی

“وعلیکم اسلام ! میں تمہیں کال کرنے ہی والا تھا میں نے تمہارے شکار کا پتہ لگا لیا ہے تم جلدی یہاں پہنچ جاؤ” ۔

اس نے گھوڑے کی گردن سہلاتے ہوئے کہا

“سچ میں باران ۔۔۔۔۔۔اوووو تھینک گاڈ میں آج ہی پچاس آفیسرز کا دستہ لے کر بلوچستان پہنچتا ہوں آج ہی اسے گرفتار کر کے لاہور لے جاؤں گا۔ تم جانتے نہیں باران تم نے ہماری کتنی مدد کی ہے میں پچھلے تین مہینوں سے خان کے پیچھے ہوں اب آ کر ہاتھ لگا ہے وہ “

“لیکن مجھے لگتا ہے تم سب کو یہاں یونیفارم میں اور پولیس کی گاڑیوں میں نہیں آنا چاہیئے۔ خان کے آدمی بلوچستان میں بھرے پڑے ہیں اگر انہیں ذرا بھی بھنک پڑی تو خان نکل جائے گا ہمارے ہاتھ سے تم کیا کہتے ہو؟”

باران نے پاس رکھے ایک بڑے برتن سے باداموں کو میٹھی میں بھرا اور گھوڑے کے سامنے کیں تو وہ مزے سے انہیں کھانے لگا

“میں بھی یہی سوچ رہا تھا تو ٹھیک ہے ہم آج رات تک وہاں پہنچ جائیں گے اور خان آج ہماری گرفت میں ہوگا انشاء اللہ”

باران اسکی بات پر اداسی سے مسکرایا

“میں تمہارا یہ احسان کس طرح چکاؤں گا باران ۔۔۔۔۔ سچ میں تم نے میرا کام کتنا آسان کر دیا ہے تم نہیں جانتے”

جہانزیب کرسی پر تھوڑا آگے کو ہو بیٹھا

“نہیں تمہیں اس بات کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے تم بہت کام کے آدمی ہو جہانزیب آخر ڈی سی ہو اگر لاہور میں مجھے کوئی کام پڑا تو تم میری اس میں مدد کر کے یہ احسان چکا سکتے ہو سمپل”

جہانزیب اسکی بات پر مسکرایا

“وہ تو صحیح ہے پر میں کوئی اللیگل کام نہیں کرونگا”

جہانزیب اپنے ہی مزاق پر ہنسا

اور باران کا زوردار قہقہہ اسے فون کے اس پار سنائی دیا

“ڈی سی صاحب وہ اب آپ مجھ پر چھوڑ دیں اب آپ میرے کسی بھی کام کو انکار کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہے چاہے وہ لیگل ہو یا پھر اللیگل”

“جی خان صاحب جیسا آپ کہیں”

جہانزیب نے اپنے سینے پر ہاتھ رکھ کر سر کو جنبش دیتے ہوئے کہا

“ٹھیک ہے پھر میں آپکو خان کی لوکیشن بھیج رہا ہوں آپ ایکشن لینے کی تیاری کریں”

باران کی بات مکمل ہوئی تو پھر کچھ الوداعی کلمات کے بات دونوں طرف سے فون کاٹ دیا گیا

باران نے ایک نظر فون کو دیکھا اور پھر سامنے اس گھوڑے کو باران نے ایک سرد آہ بھری اور گھوڑے کی گردن سے ماتھا ٹکا گیا

“یہ تمہارا گھوڑا بھی بلکل تمہارے جیسا ہے ضدی اور ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔”

وہ کچھ بولتے بولتے رکے باران نے سر اٹھا کر انہیں ایک نظر دیکھا

دلاور باران کو دیکھ کر اسکی طرف چلے آئے تھے اس رات کے بعد دونوں کے درمیان کوئی بات نہیں ہوئی تھی اور شادی والے موضوع پر تو بلکل نہیں

باران نے کچھ نہیں کہا

دلاور نے گھوڑے کی گردن پر ہاتھ پھیرا تو گھوڑے نے اپنی گردن کو ایسے ہلایا کہ دلاور کو اپنا ہاتھ پیچھے ہٹانا پڑا

باران نے دلاور کو جتاتی نظروں سے دیکھا

“آپ کچھ کہہ رہے تھے ڈیڈ یہ گھوڑا بھی میری طرح ضدی اور ۔۔۔۔۔ اور کیا ہے بھال؟”

منظر کچھ یوں تھا کہ گھوڑے کی ایک طرف سفید لباس میں ملبوس باران اور دوسری طرف دلاور سفید ہی لباس میں ملبوس کھڑے تھے

“چھوڑو اس بات کو یہ بتاؤ کس سے بات کر رہے تھے تم “

انہوں نے ایک نوکر کو ہاتھ کے اشارے سے بلایا جو گھوڑے کو وہاں سے لے گیا کیونکہ باران گھوڑے کو لیئے ڈیرے کے ایک خالی میدان میں کھڑا تھا شاید اسکا ارادہ گھڑ سواری کا تھا لیکن وہ کچھ نہیں بولا

“میرے کچھ دوست آ رہے ہیں لاہور سے رات ڈیرے میں ہی رکیں گے انہیں سے بات کر رہا تھا “

اسنے اپنے باپ کی طرح پیچھے کی طرف ہاتھ باندھ لیئے

“یہ تو بہت اچھی بات ہے کتنے دوست ہیں میں انتظام کروا دیتا ہوں “

دلاور اسی کو دیکھ رہے تھے

“پچاس ساٹھ ہونگے یا کچھ زیادہ ۔۔۔۔۔۔۔۔ شاید “

“پچاس ساٹھ ؟ “

دلاور کا حیران ہونا بنتا تھا اب بھلا کسی کے پچاس ساٹھ دوست ہو سکتے ہیں کیا ؟ چلو اگر ہیں بھی تو ان سب کا ایک ساتھ آ دمکنا حیران کن تو ہے نا

باران نے کوئی ریکشن نہیں دیا

“چلو صحیح ہے اتنے زیادہ دوست ہیں تو تمہاری شادی تو وہی سنبھال لیں گے کیوں ؟ “

دلاور تو بس موقعے کی تلاش میں تھے کہ وہ کب باران سے اسکی شادی کا ذکر کریں

وہ دونوں اب اس کچے میدان میں آگے بڑھ رہے تھے

“شادی سنبھالنے کا تو پتہ نہیں پر بارات ضرور نکالیں گے “

باران اپنی بات پر ہنسا

“بس صحیح ہے پھر میں آج ہی شادی کی ڈیٹ فکس کر لیتا ہوں ہمارے تو باراتی بھی تیار ہیں یا پھر ایسا کرتے ہیں تمہارے دوست آ ہی رہے ہیں تو کیوں نا آج ہی بارات لے چلیں بعد میں پھر انہیں یہاں آنے کی زحمت نہیں ہوگی صحیح کہہ رہا ہوں نا میں ؟”

دلاور نے سوالیہ نظروں سے اسے دیکھا وہ جو سامنے دیکھ رہا تھا

باران کچھ نہیں بولا

“امممم ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تمہیں تمہارے حسن چچا یاد ہیں ؟ “

وہ بھی اب سامنے ہی دیکھ رہے تھے

باران کے ماتھے پر بل پڑے اسنے سوالیہ نظروں سے دلاور کو دیکھا

دلاور نے اسے دیکھا

باران نے اپنے دماغ پر زور ڈالا پر اسے حسن نامی شخص یاد نا پڑا

“ارے وہ جن کی بھتیجی کی شادی میں ہم گئے تھے لاہور ۔ تم بھی تو آئے تھے میں نے تمہیں ملوایا تو تھا انسے “

دلاور نے اسے یاد کروایا تو اسنے کچھ سوچتے ہوئے سر ہلایا

“انکی بیٹی بھی تو تھی وہاں کیا نام تھا بھلا اسکا ؟ “

دلاور نے بھی کیا خوب ایکٹنگ کی کہ انہیں تو انکی بیٹی کا نام یاد ہی نہیں ہے کہ باران کو یہ نا لگے کہ وہ تو پہلے ہی سب طے کر چکے ہیں

“رابیل “

باران کے منہ سے یکدم ہی اسکا نام پھسلا

وہ اپنی جگہ رک گیا دلاور بھی ٹھہر گئے یہ ان دونوں کے لیئے حیران کن تھا کہ باران نے ایک لمحہ بھی ضائع کیئے بنا اسکا نام لے لیا

دلاور نے اسے دیکھا

“تمہیں یہ نام کیسے یاد رہ گیا “

اسنے اپنے باپ کو دیکھا

“شاید یہ نام کافی یونیک ہے اس لیئے “

باران نے کندھے اچکاتے ہوئے کہا اور وہ دونوں پھر چلنے لگے

ہاں یہ تو ہے اسکا نام بھی یونیک ہے اور وہ خود بھی یونیک ہے بلکل میرے بیٹے کی طرح

دلاور نے باران کے کندھے پر تھپکی دی

“قدرت بھی دیکھو حالات کو کیا سے کیا کر دیتی ہے جس روز تم انسے ملے تھے اسے اگلے ہی دن حسن ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔”

باران نے چونک کر دلاور کی طرف دیکھا کیا وہ جو سمجھا تھا وہ وہی کہہ رہے تھے پھر اسکے دماغ میں جھماکہ ہوا وہ اس سارے عرصے میں اس خواب کو تو بھول ہی گیا جس میں رابیل حسن صاحب کی وفات پر رو رہی تھی اور پھر اس دن حسین کے منہ سے بھی تو تصدیق سنی تھی اسنے وہ پہلے سے ہی جانتا تھا حسن صاحب کی وفات کے بارے میں مگر اس خواب کے بارے میں سوچ کر ایک بار پھر اسے ایک عجیب سے احساس نے آن گھیرا

“اگلے ہی دن وہ سب کچھ چھوڑ کر منو مٹی تلے جا بسا “

باران کو لگا وہ سانس نہیں لے سکے گا یہی تو وہ اسے بتا رہی تھی اسی وجہ سے تووہ رو رہی تھی ۔ وہ خواب سچا تھا بلکل سچا اسکے آس پاس پھر وہ سفید دھند تحلیل ہونے لگی اس جھیل کے پانی کا شور اسے اپنے کانوں میں سنائی دینے لگا تھا سیاہ لباس میں ملبوس وہ لڑکی اسکے سامنے لہرا گئی تھی اس شادی سے اگلے دن ہی تو اسے وہ خواب آیا تھا جب وہ ہاسپٹل کے بیڈ پر بے ہوش پڑا تھا اور وہاں اسکا باپ مر گیا تھا مگر وہ اسے کیوں نظر آئی وہ کیوں اسکے خواب میں تھی ؟

وہ چلتے چلتے رکا تو دلاور بھی رک گئے

“میں چاہتا ہوں تم حسن کی بیٹی رابیل سے شادی کر لو “

وہ جو ابھی تک اس خواب کے بارے میں سوچ رہا تھا دلاور کی اگلی بات اس کے سر پر دھماکے کی صورت پھٹی تھی

“تم وقت لے لو سوچنے کا مگر تمہارے لیئے رابیل سے بڑھ کر اچھا ہمسفر کوئی اور ثابت نہیں ہو سکتا”

باران کچھ بھی بول نہیں سکا دلاور نے اسے ایک نظر دیکھا اور پلٹ گئے باران انہیں جاتے ہوئے دیکھے گیا

اس وقت وہ جو محسوس کر رہا تھا شاید وہ خود نہیں جانتا تھا کیا یہ بس اس خواب کا اثر تھا یا پھر کچھ اور۔ باران نے ایک پل کو اپنی آنکھیں بند کیں تو آسمانی رنگ کے جوڑے میں دلاور سے ہنستے ہوئے باتیں کرتی وہ اسکے سامنے آ گئی پھر سیڑھیوں پر سر جھکائے ہاتھ میں چند کتابیں پکڑیں وہ وہی تو تھی اور پھر اس سڑک پر بیٹھی پھوٹ پھوٹ کر روتی ہوئی وہ لڑکی، اپنے اللہ سے شکایت کرتی ہوئی وہ لڑکی آہ

اسنے آنکھیں کھولیں

نہیں وہ شادی نہیں کر سکتا رابیل سے کیا کسی سے بھی نہیں جن راستوں کا وہ مسافر تھا کیا ان راستوں پر کوئی اسکا ہمسفر بن سکتا ہے ؟ نہیں تو

اسنے سر جھٹکا اور آگے بڑھ گیا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وہ مدرسے جانے کے لیئے اپنے گھر سے نکل رہی تھی آج معمول کے بر عکس تیز دھوپ کا راج ترکی میں چھایا ہوا تھا ترکی کی فضاؤں میں اڑتے ہوئے ہوئے بگلے بھی اس تیز دھوپ سے بچنے کے لیئے اپنے گھونسلوں میں چھپے بیٹھے تھے

وہ گھر سے نکلی اور سڑک کے کنارے چلنے لگی جب اسکا فون بج اٹھا

اسنے ہینڈ بیگ سے فون نکالا لیکن پاکستانی نمبر دیکھ کر اسکے ماتھے کر بل پڑے

اسنے الجھتے ہوئے فون کان سے لگایا اور مخالف کی آواز سنتے ہی وہ تھم گئی سڑک کی ساری سختی اسکے وجود میں سمٹ آئی تھی اسے لگا وہ پتھر کی ہو چکی ہے

“جہا۔۔۔۔۔۔۔۔جہانزیب”

رابیل کو جہانزیب کی آواز پہچاننے میں وقت نہیں لگا

“ہاں رابیل میں جہانزیب بات کر رہا ہوں ۔ کیسی ہو تم ؟ “

رابیل کچھ نہیں بولی

“امید کرتا ہوں تم ٹھیک ہو گی ۔ مجھے تم سے بات کرنی تھی ویسے تو میں ترکی آنا چاہ رہا تھا مگر مجھے یہاں کچھ ضروری کام ختم کرنے ہیں اور ان میں نا جانے کتنا وقت لگے اس لیئے سوچا زیادہ دیر کیئے بنا تم سے موبائل پر رابطہ کر لوں میں نے صحیح کیا نا ؟”

جہانزیب اپنے آفس روم کے صوفے پر آرام دہ سا بیٹھا تھا

“آپکو میرا نمبر کہاں سے ملا ؟ “

وہ بولی تو لرزتی ہوئی آواز میں بس یہی

“رابیل مجھے تم سے بات کرنی ہے “

“آپکے پاس میرا یہاں کا نمبر کیسے آیا جہا۔۔۔۔۔۔جہانزیب ؟ “

وہ لرز رہی تھی تو اس نام کو کہنے میں جو اسکے دل پرلکھا ہوا کرتا تھا

“میرے لیئے تمہارا نمبر نکلوانا مشکل نہیں تھا “

“آپکے لیئے تو کچھ بھی مشکل نہیں ہے اور نا ہی کبھی تھا ۔۔۔۔۔ آپ پہلے بھی جو چاہتے تھے کر لیتے تھے اور اب بھی وہی کر رہے ہیں آپ ذرا بھی نہیں بدلے “

رابیل کی آنکھیں گلابی پڑنے لگیں

“میرے لیئے پہلے بھی حالات مشکل تھے اور اب بھی ہیں رابیل میرے حالات ذرا بھی نہیں بدلے اور جب میں حالات سے لڑ پڑا تو حالات نے مجھے اتنی زور سے زمین پر لا پٹکا کہ میرے وجود کے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے “

جہانزیب نے آنکھیں مسلیں

“آپ نے مجھے کال کیوں کی ہے ؟ “

وہ اب سڑک کنارے چلنے لگی مگر آہستہ آہستہ کہیں کانپتا وجود لڑکھڑا ہی نا جائے

رابیل کی آواز اب قدرے مضبوط تھی

“تم جانتی ہو رابیل میرے سامنے میز پر کیا پڑا ہے”

جہانزیب نے میز پر رکھے ان اوراق کی طرف دیکھا

“Divorce papers”

رابیل اپنی جگہ ٹھہر گئی مگر بولی کچھ نہیں

“میں سلینہ کو طلاق دے رہا ہوں ۔ اور تمہارے لیئے بہت ضروری تھا کہ تم یہ جان لو کہ میں اسے چھوڑ رہا ہوں کیونکہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔”

“میرے لیئے یہ جاننا بلکل ضروری نہیں ہے کہ آپ کس سے شادی کر رہے ہیں یا کس کو طلاق دے رہے ہیں میرا آپسے کوئی لینا دینا نہیں ہے”

رابیل کی آواز بہت بلند تھی

“تمہارا لینا دینا ہے رابیل۔۔۔۔۔۔۔۔۔”

“نہیں ہے میرا لینا دینا ۔۔۔۔۔۔۔ اور آپکو کیا لگتا ہے میں وہ بیوقوف پہلے والی رابیل ہوں جس کو آپ پھر اپنی باتوں میں پھنسائیں گے اور میں پھنس جاؤں گی آپکے اس لینے دینے نے مجھ سے میرا باپ چھین لیا اور آپ چاہتے میں آپکی بات سنوں “

“مجھے اندازہ ہے رابیل اور میں اپنی غلطی پر شرمندہ ہوں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔”

“کیا کروں میں اب آپکی شرمندگی کا میرا باپ تو واپس نہیں آئے گا نا اور اگر آپ شرمندہ ہیں تو کہاں تھے آپ تب جب میرا باپ زندہ تھا ۔ کم سے کم آپ تب ہی آ جاتے جب میری آنکھوں کے سامنے میرے باپ کی میت پڑی تھی تب ہی آ کر اس میت کو بتا دیتے کہ حقیقت کیا ہے تاکہ وہ اپنی قبر میں تو سکون سے اتر سکتے۔ اب کیا کروں میں آپکی شرمندگی کا “

آنسو ایک کے بعد ایک آنکھوں سے گر کر بے مول ہونے لگے

“رابیل مجھے وقت رہتے حسن صاحب کی وفات کا علم نہیں ہو سکا تھا اور جب علم ہوا تو ثوابیہ آپی نے مجھے اور امی کو تمہارے گھر آنے سے روک دیا . میں کیا کرتا اور پھر مجھے لگا تم پہلے ہی غمزدہ ہو اور پھر میری وجہ سے تم ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ میں تمہیں مزید اذیت نہیں دینا چاہتا تھا “

وہ سیدھا ہو بیٹھا

“ثوابیہ آپی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اپ آپی سے رابطے میں ہیں ؟”

وہ اپنی جگہ جم گئی

“ہاں ۔۔۔۔۔۔۔۔ کبھی کبھار بات ہو جاتی ہے امی انسے رابطے میں ہیں تو ۔۔۔۔۔۔۔۔”

“آپکو میرا نمبر آپی نے دیا ہے ؟ “

“رابیل میری بات۔۔۔۔۔۔”

“آ پکو میرا نمبر آپی نے دیا ہے ہاں یا نا”

وہ تقریباً چیخی تھی

جہانزیب کچھ نہیں بول سکا

رابیل نے فون کاٹ دیا اور واپس گھر کی طرف تیز تیز قدموں سے بڑھنے لگی

سرخ آنکھوں میں بے پناہ آنسو لیئے اسنے گھر کا دروازہ کھولا تو ثوابیہ نے اسے مڑ کر دیکھا

“کیا ہوا رابیل تم واپس کیوں آ گئی”

ثوابیہ کو کچھ پل لگے اسکی حالت سمجھنے میں

“کیا ہوا ہے رابیل تم رو کیوں رہی ہو کیا ہوا ہے”

ثوابیہ پریشانی سے اسکی طرف بڑھی تھی

“آپ خالہ اور جہانزیب سے رابطے میں تھیں”

اسکا انداز دو ٹوک تھا

“را۔۔۔۔۔۔۔۔ رابیل وہ “

“اور آپ نے انہیں میرا نمبر بھی دے دیا ۔۔۔۔۔۔کیوں آپی آپ تو سب جانتی ہیں نا۔ آپ کیا چاہتی ہیں جو جہانزیب نے پہلے میرے ساتھ کیا وہ پھر ہو کیونکہ آپی اگر جہانزیب نے مجھے اب بھی کہیں بلایا تو میں خود کو جانے سے نہیں روک پاؤں گی میں خود کو جانتی ہوں آپی ۔”

“رابیل وہ تم سے کوئی ضروری بات ۔۔۔۔۔۔”

“آ پی میں نے اپنا سب کچھ کھو دیا ہے انکی وجہ سے “

وہ پھوٹ پھوٹ کر رو رہی تھی

“رابیل اس دن جب ہم دانین کی شادی میں جہانزیب سے ملے تب خالہ کی طبیعت خراب تھی تو اس لیئے نمبر ایکسچینج کیئے تھے تاکہ میں خالہ کی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔”

“آپکو پتہ ہے جب میں نے جہانزیب کی آواز سنی تو کیا ہوا مجھے ایسا لگا جیسے وقت پیچھے چلا گیا ہے مجھے جہانزیب کا وہ تھپڑ اپنے منہ پر دوبارہ محسوس ہوا آپی ۔ بہت مشکل سے آپی بہت مشکل سے میں نے اپنے وجود کو سمیٹا تھا مگر صرف ایک لمحہ لگا اسے دوبارہ بکھرنے میں اب میں کیا کروں آپی کیا کروں میں اب”

اس سے اپنی ٹانگوں پر کھڑا نہیں ہوا ہوا جا رہا تھا آگر وہ یہاں کچھ پل اور رکتی تو شاید گر پڑتی

اسنے بے دردی سے اپنی سرخ ہوتی گالوں کو رگڑا اور ایک شکوہ بھری نگاہ ثوابیہ پر ڈالتی اپنے کمرے کی طرف بڑھ گئی

پیچھے ثوابیہ بے بس سی کھڑی رہ گئی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جہانزیب نے فون میز پر رکھا اور ایک نظر ان کاغذات پر ڈالی

اسنے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ سلینہ کو کبھی طلاق بھی دے گا

اسنے ساتھ رکھا پین اٹھایا اور کاغذات پر جھکا ہی تھا کہ اسکا فون دوبارہ بجنے لگا

اسنے فون کو دیکھا سلینہ کالنگ پڑھ کر وہ بے بس سا صوفے سے ٹیک لگاتا آنکھیں بند کر گیا

فون بجتا رہا اور وہ آنکھیں بند کیئے بیٹھا رہا

ناجانے کتنی دیر منظر نہیں بدلہ فون بج بج کر تھک کر خاموش ہو گیا مگر وہ یونہی بیٹھا رہا

پھر اسنے آنکھیں کھولیں اسکی آنکھیں نہایت گلابی محسوس ہوئیں

وہ آگے کو ہوا اور اسنے طلاق نامے پر دستخط کر دیئے ایک لمحے سے بھی کم وقت لگا اسے یہ کرنے میں

اور وہ فون اٹھاتا اپنی جگہ سے اٹھ کھڑا ہوا دروازے سے باہر نکلتے وقت موبائل جگمگایا تو اسکی نظر سکرین پر پڑی

سلینہ کے بیس سے زیادہ میسیجز اور کالز کا نوٹیفکیشن دیکھ کراسنے اپنے پیچھے دروازے کو اس قدر زور سے بند کیا کہ کچھ لمحات تک پورا آفس سن ہو گیا

مگر کسی میں ہمت نہیں تھی کہ وہ اپنے باس سے کچھ پوچھے

وہ لمبے لمبے ڈاگ بھرتا آفس سے نکل گیا گاڑی میں بیٹھ کر ایک لمحے کو اسنے سانس لی جیسے اسنے خود کو نارمل کرنے کی کوشش کی ہو

پھر گاڑی سڑک پر دوڑاتا منظر سے دور ہوتا گیا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

“تم رابیل سے ملنے نہیں گئے ؟ “

وہ ابھی ابھی گھر پہنچا تھا اور کچن میں اکر پانی پی رہا جب صدف کچن کے دروازے میں کھڑی نظر آئیں

“میں ان دنوں کچھ کام میں ذرا مصروف ہوں فارغ ہو جاؤں تو جاؤں گا “

اسنے پانی سے بھرا گلاس ہونٹوں سے لگا لیا

“تمہاری مصروفیت تو کبھی ختم نہیں ہوگی تو کیا تم کبھی نہیں جاؤ گے”

انہوں نے نفی میں سر ہلاتے ہوئے کہا

“نہیں ماں اب میری ساری مصروفیت ختم ہو جائے گی “

اسنے ایک نظر اپنی ماں کو دیکھا پھر اس گلاس کو جس میں اب تھوڑا ہی پانی بچا تھا

” کیوں اب ایسا کیا ہو گیا ہے “

وہ وہیں کھڑی اپنے بیٹے کو دیکھتی رہیں

“اب ۔۔۔۔۔۔ اب فیصلہ ہو گیا ہے “

“کیسا فیصلہ ؟ “

“ایسے لوگوں کو اپنی زندگی سے نکالنے کا فیصلہ جن کی وجہ سے میں مصروف رہتا تھا”

اسنے آخری گھونٹ پی کر خالی گلاس شیلف پر دھر دیا

“کہیں تم سلینہ کو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔”

وہ آگے نہیں بول سکیں

وہ آگے بڑھا اور اپنی ماں کے عین سامنے آ رکا

وہ خالی خالی نظروں سے اپنی ماں کو دیکھے گیا اور ماں کا دل ڈوبتا چلا گیا

“یہ کیا کیا جہانزیب تم نے یہ کیا کیا “

وہ اپنا سر پکڑ کر رہ گئیں

“جو مجھے بہت پہلے کر لینا چاہیئے تھا “

“تمہیں شادی ہی نہیں کرنی چاہیئے تھی جہانزیب تم جیسے جلد باز اور جذباتی لوگوں کو کبھی شادی نہیں کرنی چاہیئے اپنی زندگی تو برباد کرتے ہی ہیں ساتھ میں دوسروں کی بھی زندگیاں تباہ کر دیتے ہیں” ۔

صدف جہانزیب کا کالر پکڑ چکی تھیں

جہانزیب نے ضبط سے اپنی آنکھیں بند کر کے کھولیں

“بولو کیا قصور ہے تم سے کسی بھی طرح منسلک عورتوں کا کہ وہ تمہاری نا انصافیاں برداشت کرتی رہیں چاہے وہ میں ہوں ،سلینہ ہو یا پھر رابیل ۔۔۔۔۔ تم کوئی کام سوچ سمجھ کر کیوں نہیں کرتے جہانزیب ۔ ہر وقت جزباتی فیصلے کرنا کب چھوڑو گے تم ۔”

انہوں نے جہانزیب کو دھکا دے کر چھوڑا تو وہ دو قدم پیچھے ہوا

” جزبات کے رشتوں کو جزباتی فیصلوں کے بھینٹ نہیں چڑھاتے جہانزیب بلکہ اطمینان کے ساتھ ہینڈل کرتے ہیں انہیں۔ تم نے رابیل کے ساتھ بھی یہی کیا اگر اس معاملے کو اطمینان سے سلجھاتے تو یوں خاندان نہ اجڑتے ۔ مانا سلینہ نے غلط کیا مگر اس بات کا حل طلاق تو بلکل نہیں تھا۔ بتاؤ تمہارے اسے طلاق دینے سے کیا ٹھیک ہوا الٹا تم ہی بھگت رہے ہو نا ایک اور باپ کو اسکی بیٹی کا غم دے دیا تم نے۔ غلطی رابیل سے بھی ہوئی اور غلطی سلینہ سے بھی ہوئی سوچو اگر اس طلاق کے بعد سلینہ کا باپ بھی مر گیا تو”

جہانزیب نے چونک کر اپنی ماں کو دیکھا

کیا واقع وہ جلد بازی میں غلط فیصلہ کر گیا ہے مگر وہ کیسے سلینہ کے ساتھ رہتا سب جانتے بوجھتے

“ماں مگر میں کیسے سلینہ کے ساتھ رہتا سب جانتے بوجھتے میں یہ نہیں کر سکتا تھا میرا ضمیر میری محبت سے بڑا ہے ماں میں یہ نہیں کر سکتا تھا “

“سب کیسے ساتھ رہتے ہیں جہانزیب ؟ “

جہانزیب کچھ نہیں بولا

“جہانزیب کیونکہ لوگ معاف کر دیتے ہیں تم سلینہ کو معاف کر دیتے رابیل سے بھی تم دونوں معافی مانگ لیتے کم سے کم تمہارے دلوں کے بوجھ ہی ہلکے ہوجاتے تمہارا معافی مانگ کر اور رابیل کا معاف کر کے ۔۔۔ اب مجھے بتاؤ تمہارے اس عمل سے کسی کو کیا فائدہ ہوا بتاؤ مجھے “

“میں نے اس سے معافی مانگی مگر رابیل نے مجھے معاف نہیں کیا میں نے اسے کال کی تھی اسنے میری بات تک نہیں سنی “

“جیسے تم نے اسکی نہیں سنی تھی اور جیسے تم نے سلینہ کی نہیں سنی “

صدف بیگم یہ کہتی پلٹ گئیں

جہانزیب انہیں جاتا دیکھ ہی سکا بس اسکے پاس کچھ کہنے کو نہیں بچا تھا شاید ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ شاید وہ واقع غلط تھا اور اسے یہ احساس اس وقت شدت سے ہو رہا تھا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس وقت پچاس آدمیوں کا ایک گروہ مختلف راستوں سے ایک چھوٹے گھر کی طرف جہانزیب کی قیادت میں بڑھ رہا تھا بلوچستان کے پہاڑوں میں بنی اس عجیب سی جگہ کے ارد گرد کانٹے دار جھاڑیوں کا وہ حفاظتی بند توڑنا سب سے زیادہ مشکل کام تھا مگر وہ لوگ نہیں رکے جہانزیب نے چند آدمیوں کو اشارہ کیا تو وہ جھاڑیوں میں چھپ گئے ۔ جہانزیب اس وقت اس گھر کے داہنی طرف دیوار کی اوٹ میں کھڑا تھا رات کا اندھیرا انہیں سب کی نظروں سے چھپائے ہوئے تھا پھر اسکے ایک اشارے پر باقی سپاہیوں نے اس گھر کو ہر طرف سے گھیر لیا اسنے گن لوڈ کی اور دروازے کی طرف بڑھا وہ عین اس دروازے کے سامنے آ کھڑا ہوا اسکے پیچھے ہی دو آدمی دروازے پر گن تانے کھڑے تھے بلکل جہانزیب کی طرح۔ اب وقت تھا اس دروازے کو کھولنے کا تو بھلا یہ پولیس والے کیسے دروازے کھولتے ہیں جہانزیب نے بھی وہی کیا اس کمزور سے لکڑی کے دروازے پر ایسے لات ماری کے وہ ٹکڑے ٹکڑے ہوتا گھر کے اندر دور جا کر گرا

چار پانچ سپاہی جہانزیب کے ساتھ ہی اندر داخل ہوئے تھے ٹارچ کی روشنی میں منظر کچھ واضح ہوا یہ ایک عجیب سے طرز کا گھر تھا جگہ جگہ بلا ضرورت کھڑکیاں اور دروازے بنائے گئے تھے۔ صاف ستھرا سا تھا وہ گھر جیسے ابھی ابھی کوئی اس کی صفائی کر کے گیا ہو مگر وہاں تھا کوئی بھی نہیں انسان تو دور کوئی کیڑا بھی ڈھونڈنے سے نا ملے وہ سب اس گھر کی تلاشی لے رہے تھے

“سر ادھر آئیں ! “

ایک آدمی کی آواز پر جہانزیب ایک طرف کو تیزی سے بڑھا

یہ اس گھر کا واحد کمرا تھا

ایک چھوٹے گھر کا چھوٹا سا کمرا

جہانزیب کمرے میں داخل ہوا تو اسکے سامنے میز پر ۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

“سردار اپکےمہمان آ گئے ہیں “

ایک ملازم نے باران کو خبر دی

“انکے رہنے کا سارا انتظام کر دیا ہے نا ؟”

“جی سردار سب ہو گیا ہے “

باران نے کچھ سوچتے ہوئے ہاں میں سر ہلایا

“اچھا سنو میری چپل ٹھیک سے رکھو وہاں ایک ساتھ “

وہ آدمی ڈیرے کے اس ہجرے سے نکلنے لگا جب باران کا ایک اور حکم ہوا تو وہ آدمی باران کی (کھیڑی) چپل کو درست کرتا ہجرے سے نکل گیا

تھوڑی دیر کے بعد ہی جہانزیب اور اسکے ساتھ کچھ افسر اور سپاہی اس ہجرے میں داخل ہو رہے تھے

باران انہیں دیکھ کر کھڑا ہوا گیا جہانزیب بھی اسکی طرف چلا آیا اور وہ دونوں بغلگیر ہوئے

“کیسے ہیں خان صاحب “

” اللہ کا شکر ہے ڈی سی صاحب آپکے ہوتے ہوئے بھی خیریت سے ہیں “

باران نے مسکراتے ہوئے کہا

جہانزیب بھی مسکرا دیا

“ائیں بیٹھیں آپ سب بھی بیٹھیں “

باران ان سب کے ساتھ ہی ہجرے کے ان قیمتی اور خوبصورت قالینوں پر آ بیٹھا ( ایسے علاقوں میں مہمانوں کے لیئے یا یوں بھی کہہ سکتے ہیں ڈیروں میں ہجرے بنائے جاتے ہیں جہاں لوگ مل بیٹھتے ہیں ایسے ہجروں میں اکثر قالین بچھا کر اور تکیئے لگا کر بیٹھنے کا انتظام کیا جاتا اور وہاں کے لوگ اس طرز کو پسند کرتے ہیں )

“خان کا کیا بنا “

باران نے جہانزیب کو دیکھتے ہوئے کہا

“لگتا ہے اسے ہمارے آنے کا پتہ چل گیا تھا وہ بھاگ گیا وہاں سے ۔۔۔۔۔ خان بہت ہی زیادہ چالاک آدمی ہے اتنی احتیاط کے باوجود بھی وہ بھاگ نکلا”

جہانزیب کے چہرے سے مایوسی جھلک رہی تھی

“وہ تو ہے خان واقع بہت چالاک آدمی ہے ۔ اچھا بتاؤ وہاں کچھ تو ملا ہو گا اس جگہ کی اچھے سے تلاشی تو لی ہوگی تم نے “

“لی تھی تلاشی اور وہاں سے جو ملا مجھے اسی چیز سے یہ یقین ہے کہ وہ ہمارے ارادوں کے بارے میں پہلے سے جانتا تھا “

“پتہ تو چلے کہ ملا کیا “

“اس جیسا گھٹیا انسان اور کر بھی کیا سکتا ہے اپنی چپل میز پر سجا کر چلا گیا “

“چپل ؟”

“ہاں چپل ویسی چپل جو یہاں کے لوگ پہنتے ہیں کیا کہتے ہیں اسے “

جہانزیب نے دماغ پر تھوڑا زور دیا

“کھیڑی وہ جیسی تمہاری رکھی ہے نا بلکل ویسی”

جہانزیب نے اسکی کھیڑی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا

“ہمم تو تمہیں کیا لگتا ہے اسنے ایسا کیوں کیا “

اسی وقت ایک نوکر ہجرے میں داخل ہوا اور روایتی قہوہ مہمانوں کو پیش کرنے لگا

“کھانے کا انتظام کرو ورور( بھائی) “

باران نے اسے مخاطب کیا تو اسنے ادب سے سر ہاں میں ہلا کر جواب دیا

“کیوں کیا کا کیا مطلب ہے باران وہ بس ہمیں یہ جتا رہا تھا کہ ہم اسکی جوتی کو بھی نہیں پکڑ سکتے”

“ہو سکتا ہے جو تم کہہ رہے ہو وہ بھی ٹھیک ہو پر اسکا کچھ اور بھی مطلب ہو سکتا ہے “

” کیا ؟ تم ہی بتاؤ “

جہانزیب کو تجسس ہوا

باران نے کندھے اچکا کر اپنی لاعلمی کا اظہار کر دیا

تبھی دو تین نوکر ہاتھوں میں بڑے بڑے دسترخوان پکڑے ہجرے میں داخل ہوئے اور دسترخوان بچھانے لگے اور پھر طرح طرح کے روایتی پکوان دستخوانوں پر سجا دیئے گئے

“ب اللہ کریں سب سم “

باران کے سب کو کھانے کی دعوت دینے پر سب نے کھانا شروع کر دیا

“چلو بلوچستان میں دوست ہونے کا ایک تو فائدہ ہوا اتنے مزے کا کھانا تو ملا “

جہانزیب کی بات پر سب ہی ہنس دیئے

باران بھی کھل کر مسکرایا

“نہیں یار سچ میں تم نے بہت مدد کی اور اتنا تکلف ۔۔۔۔۔۔۔”

باران نے جہانزیب کے کندھے پر تھپکی دیتے ہوئے آنکھوں کے اشارے سے اسے تسلی دی

وہ ہلکا سا مسکرایا

باران نے اسے کھانا کھانے کا اشارا کیا اور خود بھی کھانا کھانے لگا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وہ آج مدرسے نہیں گئ تھی کل جو ثوابیہ سے جھگڑنے کے بعد کمرے میں بند ہوئی تو دوسرا دن بھی گزر گیا مگر وہ باہر نہیں نکلی ثوابیہ نے دو تین بار اسکے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا مگر رابیل نے اسے جواب تک نہیں دیا ابھی بھی وہ جائے نماز پر نماز سے فارغ ہو کر خالی خالی نظریں لیئے بیٹھی تھی جب ثوابیہ نے دروازہ کھٹکھٹایا

“رابیل کھانا تو کھا لو کل سے تم نے کچھ نہیں کھایا ہے رابیل میری بات سن رہی ہو تم “

رابیل نے ایک نظر دروازے کو دیکھا

“آ پی مجھے بس تھوڑا سا ٹائم دیں میں آجاؤں گی باہر “

“کب رابیل کل سے تم اندر ہو ابھی کے ابھی باہر آؤ “

“آپی میں کل تک نارمل ہو جاؤں گی پھر باہر بھی آجاؤں گی “

وہ یہ کہتی جائے نماز سے اٹھ کھڑی ہوئی

جائے نماز کو ایک طرف رکھتی وہ بیڈ کے ایک کونے پر ٹک گئی

“رابیل پلیز باہر آ جاؤ ۔۔۔۔۔ مجھے تمہاری فکر ہو رہی ہے “

رابیل نے ایک لمحے کو آنکھیں بند کر کے کھولیں

اسے احساس تھا کہ ثوابیہ اسکی وجہ سے پریشان تھی ہاں اسے اپنی آپی کو مزید پریشان نہیں کرنا اسے ان کے سامنے نارمل ہی رہنا چاہیئے

اور پھر آگے بڑھ کر اسنے دروازہ کھول دیا

سامنے ہی پریشان سی ثوابیہ کھڑی تھی

“یہ کیا حرکت ہے “

ثوابیہ جھٹ سے کمرے میں داخل ہوگئی کہ کہیں وہ پھر سے خود کو اس کمرے میں بند ہی نا کر لے کیونکہ وہ اب رابیل کو سخت قسم کا ڈانٹنے کا ارادہ رکھتی تھی

“کب تک ایسے ہی بچپنا کرتی رہو گی رابیل اب بڑی ہو جاؤ اندازہ بھی ہے تمہیں میں کل سے تمہاری وجہ سے کتنی پریشان ہوں مگر تمہیں کیا فکر تم مزے سے اس کمرے میں بند ہو کر بیٹھی رہو ہے نا “

ثوابیہ اس وقت واقع غصے میں تھی

“مزے سے تو نہیں بیٹھی تھی بھلا بھوکے پیٹ کب تک مزے سے بیٹھوں گی ۔۔۔۔۔۔ کھانے میں کیا پکایا ہے “

اسنے اس قدر معصومیت طاری کرتے ہوئے کہا کہ ثوابیہ کی ہنسی چھوٹ گئی

“تم بھی بلکل پاگل ہو رابیل۔ چلو کچھ کھا لو ایسا نا ہو کمزوری سے گر پڑو “

ثوابیہ اسے اپنے ساتھ ڈائنگ ٹیبل پر کے آئی وہ میز پر کھانا پہلے ہی لگا چکی تھی

اور رابیل تو کھانا دیکھتے ہی کھانے پر ٹوٹ چکی پڑی

“آرام سے آرام سے “

ثوابیہ اسے آرام سے کھانا کھانے کا کہتی رہی پر رابیل کو کون سمجھا سکتا ہے

“احمد بھائی کہاں ہیں وہ کھانا نہیں کھائیں گے “

“شکر ہے رابیل بی بی کو کسی کی تو فکر ہوئی۔ نہیں وہ آج دیر سے آئیں گے تم کھاؤ “

“اووووو آپ تو کھائیں نا “

رابیل نے ایک نوالہ میں منہ میں رکھتے ہوئے کہا

“نہیں میں انکے ساتھ ہی کھاؤں گی تم آرام سے کھاؤ “

ثوابیہ نے رابیل کے لیئے جگ سے گلاس میں پانی ڈالتے ہوئے کہا

“واہ آپ کب سے اتنی رومینٹک ہو گئیں “

رابیل نے پانی کا گلاس منہ کو لگا لیا

“میں تو ہر روز ہی انکے ساتھ ڈنر کرتی ہوں یہ کوئی نئی بات تو نہیں ہے “

“ہر روز انکے ساتھ ڈنر کرتی ہیں ؟ اور وہ جو میرے ساتھ بھی چار چار روٹیاں کھا جاتی ہیں وہ کیا ہوتا ہے”

رابیل نے ڈرامائی انداز میں کہا

“وہ ۔۔۔۔۔۔۔۔ وہ تو سٹاٹر ہوتا ہے نا ڈنر تو میں احمد کے ساتھ ہی کرتی ہوں “

“جی اب پتہ چل رہا ہے یہ دن بہ دن آپ رفعت کے جیسے کیوں ہوتی جا رہی ہیں “

رابیل نے ثوابیہ کو سر سے پاؤں تک دیکھتے ہوئے کہا

“کون رفعت ؟”

“ارے وہی تائی جان کی اکلوتی سہیلی جو ہر روز ہمارے گھر آ کر بیٹھ جاتی تھیں اور کہتی تھیں اے طاہرہ گھر میں کچھ پکا ہے تو کھلا دو تمہارے گھر کا کھانا مجھے بہت پسند ہے اور چار چار پلیٹیں بریانی کی کھا جاتی تھی تم بھی بلکل انکے جیسے ہی پھیلتی جا رہی ہو “

“تم مجھے رفعت چچی سے ملا رہی ہو ۔۔۔۔۔۔ کہاں وہ سو کلو کی عورت اور کہاں میں مشکل سے پچپن کی “۔

ثوابیہ کا اس بات کی سن منہ ہی بن گیا تھا

“اور تمیز سے نام لیا کرو رفعت کیا ہوتا ہے رفعت چچی کہا کرو “

“تمہاری ہونگی چچی مجھے کوئی شوق نہیں ہے خوامخواہ کے رشتے گانٹھنے کا “

اسنے آخری نوالہ لیتے ہوئے کہا اب وہ ٹشو سے ہاتھ صاف کر رہی تھی

ثوابیہ بس اسے دیکھ کر رہ گئی

“ٹھہرو میں نے کھیر بھی بنائی ہے لاتی ہوں “

وہ کرسی سے اٹھنے لگی جب ثوابیہ نے کہا تو واپس بیٹھ گئی

ثوابیہ اٹھ کر کچن کی طرف بڑھ گئی

“آ پی آپکی کال آ رہی ہے “

ثوابیہ ابھی کچن میں گئی ہی تھی کہ اسکے موبائل پر کال آنے لگی

“اٹھا لو احمد ہونگے میں آ رہی ہوں “

” جی”

رابیل نے ہاتھ لمبا کر کے ثوابیہ کا میز پر رکھا فون اٹھا لیا

اور فون پر جگمگاتا نام دیکھ کر وہ کچھ لمحے سانس نہیں لے سکی

اور پھر نا جانے کیوں اسنے شہادت کی انگلی سے کال ریسیو کر لی اور فون کان سے لگا گئی

“ہیلو ثوابیہ آپی رابیل کہاں ہے وہ میری کال نہیں اٹھا رہی وہ ٹھیک تو ہے نا “

جہانزیب کی پریشانی بھری آواز ابھری تو مانو ہر شے تھم گئی

“مر گئی رابیل “

رابیل نے اپنے آپ کو کہتے ہوئے سنا

دوسری طرف جہانزیب اسکی آواز سن کر کچھ لمحے کچھ نہیں بول سکا

“رابیل آئی ایم سوری”

اسے کچھ سمجھ نہیں آئی کہ وہ رابیل سے معافی مانگنے کے علاؤہ اور کیا کہے

“کس کی کال ہے رابیل “

ثوابیہ نے کھیر کی کٹوری اسکے سامنے میز پر رکھتے ہوئے پوچھا

رابیل نے کچھ نہیں کہا بس خالی خالی نظروں سے اسے دیکھا اور وہ سمجھ گئی اور ساتھ رکھی کرسی پر اضطراب میں بیٹھ گئی پہلے ہی رابیل اتنی مشکل سے کمرے سے باہر نکلی تھی اور اب پھر جہانزیب کی کال ۔۔۔۔۔ ثوابیہ کو رابیل کی ہی پریشانی کھائے جا رہی تھی پتہ نہیں اب کی بار وہ کیسا ردعمل ظاہر کرے گی

“رابیل مجھے پتہ ہے میری سوری سے کچھ ٹھیک نہیں ہوگا مگر مجھے میری صفائی میں کچھ کہنے کا موقع تو دو بھلے اسکے بعد تم کبھی مجھ سے بات مت کرنا “

جہانزیب اس وقت باران خان کے ڈیرے میں سب سے الگ ہو کر رابیل سے بات کر رہا تھا

“بولیں “

رابیل نے بس اتنا ہی کہا

“رابیل ہم حقیقت سے بہت دور تھے اور حالات ہمیں اس موڑ پر لے آئے ۔ رابیل یہ پہلی بار ہے کہ میں تم سے فون پر اس طرح بات کر رہا ہوں اس سے پہلے میں نے کبھی تم سے نا میسجز پر اور نا ہی کال ہر بات کی ہے “

رابیل کے ماتھے پر شکنیں ابھریں

” ان دو تین مہینوں میں نے پہلی بار تم سے بات اس دن پولیس اسٹیشن میں کی تھی ۔۔۔۔۔۔ خیر بات تو نہیں کی تھی”

ان دونوں کو وہ تھپڑ یاد آیا وہ دونوں ہی اس تھپڑ کی اذیت کو برداشت کرنے کے لیئے آنکھیں سختی سے میچ گئے

“میں اس بات سے بلکل انجان تھا کہ تم اس دن کہاں گئی تھی کیوں گئی تھی کس کے بلانے پر گئی تھی جب پولیس اسٹیشن سے مجھے کال آئی تو مجھے کچھ سمجھ نہیں آیا مجھے جو پولیس نے بتایا میرے لیئے حقیقت وہی تھی ۔ پتہ ہے امی نے مجھ سے کیا کہا ۔۔۔۔۔ وہ کہتی ہے کہ میں جلد باز ہوں اور وہ صحیح کہتی ہیں میں واقع میں جلد باز ہوں اس دن میری جلد بازی نے سب برباد کر دیا مجھے کم سے کم تم سے بات کرنی چاہیئے تھی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کچھ بولو گی نہیں رابیل “

جہانزیب نے دھیرے سے کہا

“وہ آپکا نمبر تھا “

“وہ اتنا ہی بول سکی سب پھر سے الجھنے لگا تھا کیا جہانزیب سچ بول رہا ہے یا یہ پھر ایک دھوکہ ہے “

“ہاں وہ میرا نمبر تھا پروہ میں نہیں تھا جو تم سے بات ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔”

وہ چپ ہو گیا

“جی وہ آپ نہیں تھے وہ میری بری قسمت تھی ۔۔۔۔ آپکو کیا لگتا ہے میں آپکی ان جھوٹی باتوں میں پھر سے آجاؤں گی اور پھر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔”

“وہ سلینہ تھی “

نا چاہتے ہوئے بھی جہانزیب کے منہ سے سلینہ کا نام پھسل گیا وہ نہیں چاہتا تھا کہ سلینہ کا نام اس میں آئے شاید اس سے بات مزید اُلجھتی

“اووووو تو آپ دونوں نے مل کر میرے خلاف یہ سب کیا صرف اس لیئے کہ آپ دونوں کی شادی ہو سکے اور اب آپ یہ ڈارمہ کر رہے ہیں تاکہ میں آپکو معاف کر دوں اور آپ خالہ کی نظروں میں اچھے بن جائیں ۔ ہو گئی نا آپکی شادی سلینہ سے اب آپ اپنی زندگی میں خوش رہیں اور مجھے میرے حال پر چھوڑ دیں خدا کے لیئے “

“میں طلاق دے چکا ہوں سلینہ کو “

“کیا”؟

رابیل کو لگا اسنے کچھ غلط سن لیا ہے

“میں نے تمہیں کل بتایا تھا نا کہ میرے سامنے ڈائورس پیپرز رکھے ہیں کل ہی میں نے سلینہ کو طلاق دے دی تھی ۔ اور ایسا میں نے کیوں کیا جانتی ہو ؟ “

کیا جہانزیب نے اسکے کے لیئے سلینہ کو طلاق دی ہے

“اب آپ اس بات کا الزام بھی مجھ پر مت لگا دیجیئے گا “

“الزام تو تمہیں ہی دیا جائے گا رابیل”

رابیل کو لگا وہ رو رہا ہےاور وہ واقع رو رہا تھا اسے خبر ہی نہ ہوئی کب اسکی آنکھیں بھیگ گئیں اور کب آنسو آنکھوں سے گرنے لگے اور کب آواز کانپنے لگی

“جب مجھے حقیقت کا علم ہوا رابیل تو میں نے تمہارے گنہگار کو سزا دی ۔۔۔۔۔۔۔ میں نے جہانزیب کو سزا دی کیونکہ جہانزیب ہی تمہارا گنہگار ہے ۔ سلینہ کون تھی؟ کوئی بھی نہیں تمہارا تعلق تو مجھ سے تھا تمہیں بچپن سے لے اب تک تو میں نے دیکھا تھا تمہیں جاننا تو میں تھا پھر کیوں میں تم پر ہی اعتبار نا کر سکا یہ جانتے بوجھتے کہ تم مجھ سے محبت کرتی ہو تو تم وہاں کسی اور کے بلانے ہو کیوں جاؤ گی میں تم پر اعتبار نہیں کر سکا میں تمہارا گنہگار۔۔۔۔۔۔”

اسے اب احساس ہو رہا تھا کہ وہ کیا بول گیا ہے

اور وہ ٹھنڈی پڑتی جا رہی تھی زمانے بھر کی ٹھنڈک اسے اپنی ریڑھ کی ہڈی میں محسوس ہو رہی تھی پاؤں مانو برف کی سِل بن چکے تھے اور سارا جسم منوں وزنی سا ہو گا تھا اسنے تو کبھی ان میسجز میں بھی اس بات کا اظہار نہیں کیا تھا کہ وہ جہانزیب سے۔۔۔۔۔۔۔۔

رابیل نے ایک جھٹکے سے موبائل کان سے ہٹایا اور کال کاٹ دی

“کیا ہوا رابیل “

رابیل لمبے لمبے سانس لینے کی کوشش کر رہی تھے مگر اسے سانس لینے میں مشکل ہو رہی تھی سانس لینے جیسا آسان کام اسکے لیئے بہت مشکل ہو گیا تھا صرف اس راز کے کھل جانے سے جو وہ سمجھتی تھی کہ وہ دفن کر چکی ہے مگر یہ شگاف کب باقی رہ گیا اسے خبر ہی نہ ہوئی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جہانزیب نے بے بسی سے کال کاٹی اسے خود پر غصہ آ رہا تھا کہ آخر اسنے ایسی بات کیوں کر دی اف اف اف اسنے ایک لمبی سانس لیتے ہوتے بہت سی ہوا کو اپنے اندر کھینچ لیا

“کیا بات ہے جہانزیب یہاں کوں آ گئے “

باران کی آواز پر وہ پلٹا

باران اسکی طرف ہی چلا آ رہا تھا

“مجھے ایک ضروری کال کرنی تھی اس لیئے بس “

“تو ہوگئی کال “

“ہممم ہو گئی “

جہانزیب کے چہرے پر مایوسی سی چھائی تھی

“کیا بات ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ خان آج نہیں پکڑا گیا تو کیا ہوا آخر کار تم اسے پکڑ ہی لو گے اس میں پریشان ہونے والی کیا بات ہے یار “

باران کو لگا کہ کہ جہانزیب اس بات سے پریشان ہے

“نہیں یہ بات نہیں ہے خان کو تو میں پکڑ ہی لوں گا میں پرسنل ایشو کی وجہ سے پریشان ہوں “

“اگر تمہیں مناسب لگے تو تم مجھ سے شئر کر سکتے ہو زیادہ کچھ نہیں تو تمہیں ایک اچھا مشورہ تو دے ہی سکتا ہو ۔ اگر تمہیں مناسب لگے تو”

جہانزیب نے اسکی طرف دیکھا

“میں نے کل ہی اپنی بیوی کو طلاق دی ہے “

باران نے چونک کر اسکی طرف دیکھا

” کیوں ؟ “

یہ ایک جائز سوال تھا

“یار بس جب حالات آپکو مجبور کر دیں تو آپ بے بس ہو جاتے ہیں پھر جہاں آپکو حالات اپنے ساتھ بہا کر لے جائیں وہی آپکی منزل بن جاتی ہے “

باران سے سر ہاں میں ہلایا جہانزیب صحیح تو کہہ رہا تھا آگر حالات آپکو مجبور کر دیں اور آپکو ایک وحشی درندہ بنا دیں تو آپکو وحشی درندہ بننا ہی پڑتا ہے

“مگر کیا سارا قصور حالات کا ہوتا ہے “

باران اوپر آسمان کو دیکھ رہا تھا سیاہ رات پر پھیلائے اپنے پورے جوبن پر تھی

جہانزیب نے ایک نظر اسے دیکھا

“نہیں کچھ قصور تو آپکے حصے میں بھی آئیں گے۔۔۔۔ مگر سوال یہ ہے کہ اب ہم کریں کیا “

باران نے اسے دیکھا وہ اسے نہیں دیکھ رہا تھا

“شاید حالات کو سدھار کر اپنے قصور معاف کرا لیئے جائیں تو کام بن سکتا ہے”

“اور اگر معافی نا ملے تو “

باران کو لگا کسی نے اسکی روح کھینچ لی ہو اتنی تکلیف اسنے پہلے کبھی محسوس نہیں کی تھی اسنے تڑپ کر جہانزیب کو دیکھا ہاں اگر معافی نا ملی تو ۔۔۔۔۔ تو کیا ہوگا

جہانزیب نے بھی اسے دیکھا دونوں کے پاس اس سوال کا جواب نہیں تھا

اگر معافی نا ملے تو ؟ تو ساری زندگی آپ اپنے آپ کو ایسی دلدل میں پھنستا ہوا پائیں گے کہ نا وہ آپکو اگلے گی اور نا ہی نگلے گی اور آہستہ آہستہ آپکے جسم کو گلانے لگے گی آپکا ماس روز بہ روز اس کیچڑ میں میں سڑنے لگے گا آپکے ارد گرد نا قابلِ برداشت بو پھیلتی چلی جائے گی اور قیامت یہ کہ آپکو اس بو میں سانس لینی ہی ہوگی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اگلے دن کا سورج ترکی میں بادلوں سے آنکھ مچولی کھیلتا ہوا بیدار ہوا تھا مگر جیسے جیسے وقت گزرتا گیا بادلوں نے پورے آسمان پر قبضہ کر لیا اور سورج اس قابض لشکر کے پیچھے کہیں چپ چکا تھا اسی بے چین سی صبح میں وہ اپنی استاذہ کو لیئے ایک خالی کلاس میں بیٹھی تھی

“وہ کہتے ہیں کہ میرے ساتھ جو ہوا انہیں اس کی خبربھی نہیں تھی یہ سب انکی بیوی نے کیا تھا اور انہوں نے صرف اسے وجہ سے اپنی بیوی کو طلاق بھی دے دی مجھے تو کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا “

“ہو سکتا ہے وہ سچ بول رہا ہو “

“تو اگر وہ اب سچ بھی بول رہے ہیں تو اب اس سب کا کیا فائدہ جو ہونا تھا وہ تو ہو گیا ہے اب انکے معافی مانگنے سے اور میرے معاف کر دینے سے کیا ہوگا “

“دلوں کی دوریاں دور ہو جائیں گی “

استاذہ مسلسل اسے دیکھ رہی تھی

“کیا مطلب “

” کچھ نہیں ایسے ہی بات کہہ دی “

استاذہ نے کندھے اچکائے

“آپ مجھے اتنا پاگل سمجھتی ہیں کہ انکے کچھ بھی بولنے سے میں پھر انسے مح۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کہ میں پھر انہیں اپنے دل میں جگہ دونگی “

رابیل کو ان پر افسوس ہوا

“میں یہ نہیں کہہ رہی تھی رابیل میرا مطلب یہ نہیں تھا “

“اور کیا مطلب تھا آپکا “

اور رابیل کی آنکھوں کو پانی سے بھرنے میں زیادہ دیر نہیں لگی

“اب دلوں میں جو شگاف پڑ چکیں ہیں وہ کبھی نہیں بھر سکتے “

وہ اپنی جگہ سے اٹھ کھڑی ہوئی

“رابیل میں ۔۔۔۔۔۔۔۔”

“آپکو اور آپی کو کیوں نہیں سمجھ آتا کہ میں اپنے ماضی میں واپس نہیں پلٹنا چاہتی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جو ہوا جس لیئے ہوا جس نے بھی کیا بس ہو گیا ۔ اب بس اب اور کچھ نہیں نا کوئی شکایت نا کوئی معافی اور نا کوئی محبت “

آنسو ٹپ ٹپ آنکھوں سے گر رہے تھے

وہ یہ کہتی وہاں سے پلٹ گئی

پیچھے استاذہ پریشانی سے اسے جاتا ہوا دیکھتی رہیں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ایک رات بلوچستان میں گزار کر اگلی صبح وہ سب واپس آگئے تھے مقصد تو پورا نہیں ہوا تھا ہاں البتہ سفر نے سب کو تھکا ضرور دیا تھا جہانزیب اس وقت تھکا تھکا سا گھر میں داخل ہو رہا تھا اسکا ارادہ شاید سونے کا تھا کیونکہ پچھلی رات وہ بلکل نہیں سو سکا تھا ایک تو رابیل کے بارے میں سوچ سوچ کر اسے نیند نہیں آ رہی تھی اور پھر نئی جگہ پر اسے نیند کم ہی آتی تھی

“کہیں جا رہے ہوتے ہو تو بتا کر جایا کرو “

صدف بیگم کچن سے نکل رہی تھیں جب اسے دیکھ کر ٹھہر گئیں

“سوری “

وہ صرف اتنا ہی بول سکا

” فریش ہو جاؤ میں کھانا لگاتی ہوں “

انہوں نے سر سے پاؤں تک جہانزیب کو دیکھا وہ بہت زیادہ تھکا ہوا لگ رہا تھا

“نہیں امی میں بس سونا چاہتا ہوں “

“کچھ کھا لیتے تو بہتر تھا پر خیر تمہاری مرضی “

اسنے اپنی ماں کو دیکھا انکے لہجے میں ناراضگی تھی

“آپ ناراض ہیں مجھ سے “

انہوں نے بنا کچھ بولے اپنے کمرے کی طرف قدم بڑھا دیئے

“ٹھیک ہے اگر ہر کسی کو ناراض رہنا تو صحیح ہے پھر چاہے اگلا انسان معافی مانگ مانگ کر مر جائے۔ ایسے ہی ٹھیک ہے “

صدف بیگم اسکی بات سن کر رک گئیں

“معافی مانگنے سے پہلے اپنی غلطی کو سدھارا جاتا ہے “

انہوں نے بنا پلٹے ہی کہا

“وہی تو میں بار بار پوچھ رہا ہوں آپسے کہ آخر میں ایسا کیا کروں کہ آپ سب مجھے معاف کر دیں کیسے سدھارو میں اپنی غلطی”

“رابیل سے شادی کر لو “

صدف پلٹیں

جہانزیب اپنی جگہ ساکت ہو گیا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جاری ہے

← Episode 10

Advertisement

More by Nida e Eman